ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے پروگرام ’’ ساتھ‘‘ کی پیش رفت کا جائزہ لیا
سری نگر//مشن ڈائریکٹر جموں وکشمیر رورل لائیو لی ہڈس مشن ( جے کے آر ایل ایم ) ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے آج ’اُمید‘ کے تمام اَفسران اور اِنڈیا ایس ایم اِی فورم کے ممبران کے ساتھ پروگرام ’ ایس اے اے ٹی ایچ‘ کے تحت ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک ورچیول میٹنگ طلب کی۔ میٹنگ میں ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر ان، بلاک پروگرام منیجران، وِنود کمار ( صدر اِنڈیا ایس ایم اِی فورم ) ، سشمامارتھانی ( ڈائریکٹر جنرل اِنڈیا ایس ایم اِی فورم ) اور مشن کے دیگر اَفسران نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے اَفسران سے کہا کہ جے کے آر ایل ایم کی جانب سے اِس پروگرام کو حکمت عملی بنانے ، تیار کرنے اور اس کو آگے بڑھانے کے لئے کوششیں کی گئی ہیں۔اُنہوں نے مشن کے ضلعی پروگرام کے اَفسران کو تاکید کی کہ وہ تمام سیشنوں کے لئے تربیتی پروگراموں کے تحت منتخب ایس ایچ جی اراکین کو شامل کریں اور پروگرام کا بھرپور فائدہ اُٹھائیں تاکہ انہیں کاروبار ی منصوبوں کے بارے میں مکمل جانکاری حاصل ہو۔اُنہوں نے کہا کہ اِس تربیت میں تمام شعبوں کے لئے ایک عام ورکشاپ ہوگا جس کی واقفیت مختلف قسم کے رجسٹریشن جیسے گڈ اینڈ سروس ٹیکس (جی ایس ٹی)، فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈس اَتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) اور مختلف مارکیٹنگ سائٹ پر مختلف ایس ایچ جی مصنوعات کی بورڈنگ پر فراہم کی گئی ہے۔ڈاکٹر سیّد سحرش اصغر نے کہا کہ ’’ ساتھ ‘‘ پہل جموں او رکشمیر میں سیلف ہیلپ گروپ ( ایس ایچ جی ) خواتین کے لئے دیہی انٹرپرائز ایکسلریشن پروگرام ہے ۔ پروگرام کے تحت مشن ہنرمندی اور مارکیٹنگ کے رابطوں کے ذریعے خواتین ایس ایچ جی اراکین کے درمیان کاروباری رہنما پید ا کرے گا۔ڈائریکٹر جنرل اِنڈیا ایس ایم ای فورم سشما مور تھانی نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ ٹریننگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا جہاں جموںوکشمیر کے زائد از 5000 ایس ایچ جیز نے حصہ لیا۔ ورکشاپ کے دوران ایس ایچ جی اراکین کو ان کی تجارتی سرگرمیوں کی بنیادی پر مزید پروفائل کیا گیا تھا ۔ اِ س کے بعد تربیت شعبہ وار توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل اور ہینڈ لوم ، ہینڈ ی کرافٹس ، ایگرو ، ڈیری اور فوڈ پروسسنگ پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اِنڈیا ایس ایم ای فورم ایمیزون کے ’’ سہیلی‘‘ پلیٹ فارم پر دیہی کاروباری اداروں کو بورڈنگ میں سہولیت فراہم کرے گا جہاں ’امید‘ کے تحت ترقی پانے والے ایس ایچ جی ممبران آن لائن اَپنی مصنوعات کی نمائش کر سکتے ہیں اور اَپنی فروخت کو بڑھا سکتے ہیں۔
کمشنر سیکرٹری جنگلات نے راجور ی میں ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لیا
راجوری//کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات سنجیوورما جو ضلع راجوری کے ترقیاتی اِنچارج بھی ہیں ، نے متعلقہ اَفسران کی ایک میٹنگ میں ترقیاتی ، مرکزی اور یوٹی کی معاونت والی سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کے شائون ، اے ڈی ڈی سی پون کمار ، کمانڈر 31 بی آر ٹی ایف کے آر جے ریڈی ، ڈی ایف او راجوری ارشدیپ سنگھ ، ڈی ایف او نوشہرہ نیلیما، اے سی آر طاہر مصطفی ملک ، سی پی او محمد خورشید ، ایس اِی ہائیڈرولکس جے پی سنگھ ، ایس اِی پی ڈبلیو ڈی ، جی ایم ڈی آئی سی منظور حسین ، سی ای او آر ڈی اے وویک پوری ، اے سی ڈی سشیل کھجوریہ ، اے سی پی عبدالرشید کوہلی ، پی او آئی سی ڈی ایس کرتار سنگھ ، ڈی ایس اِی او بلال رشید میر اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شر کت کی۔ابتداً ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کے شائون نے بڑے پروجیکٹوں کی سیکٹر وار پیش رفت اور مختلف شعبوں کی فلیگ شپ سکیموں کے بارے میں تفصیلی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی جن میں ڈسٹرکٹ کیپکس بجٹ ، منریگا ، پی ایم اے وائی ، این آر ایل ایم ، اے آئی بی پی ، سماگراہ ، آئی سی ڈی ایس وغیرہ شامل ہیں۔میٹنگ میں پروجیکٹوں پر کام کی تکمیل سے متعلق اَمور پر سیر حاصل بحث ہوئی۔ڈسٹرکٹ کیپکس بجٹ کا جائزہ لیتے ہوئے میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ مالی سال 2021-22ء کے لئے 919.59 کروڑ روپے کی منظور دی گئی ہے جبکہ 253.35 کروڑ روپے کی رقم جاری کی گئی اور اَب تک 59.96 کروڑ روپے صرف کئے جاچکے ہیں۔کمشنر سیکرٹری نے پی ڈی ڈی سیکٹر جا ئزہ لیتے ہوئے آئی پی ڈی ایس، پی ایم ڈی پی اربن ، ڈی ڈی یو جی جے وائی اور پی ایم ڈی پی رورل سمیت متعدد مرکزی معاونت والی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر سیکرٹری نے زراعت ، باغبانی ، ایس سی ایس اینڈ سی اے ، سماجی بہبود ، بھیڑ و پشو پالن ، ماہی پالن ، روزگار محکموں اور دیگر مختلف سکیموں کے تحت ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ فوری خدمات کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دیں ۔ عوامی شکایات کے بروقت نمٹانے کے لئے ڈیلیوری میکانزم او رلوگوں کی ترقی کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے تلاش کریں۔کمشنر سیکرٹری نے عمل آوری ایجنسیوں سے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ موجودہ مالی سال میں کئے گئے کام مقررہ مدت کے اندر مکمل ہوں اور ترقیاتی منصوبوں پر کام کرتے وقت معیار کو برقرار رکھا جائے۔اُنہوں نے آر ڈی ڈی کے متعلقہ اَفسر سے کہا کہ وہ ضلع میں پی ایم اے وائی ۔جی کے تحت منظور شدہ تمام مکانات مارچ 2022ء کے آخیر تک مکمل ہونے کو یقینی بنائیں اور سکیم کے تحت استفادہ کنندگان کو پی ایم اے وائی۔جی کی قسطوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ۔ اُنہوں نے اے سی ڈی کو ہدایت دی کہ وہ پانی کے تحفظ کے کاموں پر زیادہ توجہ دیں اور کیچ منٹ ائیریا میں شجرکاری کو یقینی بنائیں۔کمشنر سیکرٹری نے سنگل یوز پلاسٹک کے اِستعمال کے بارے میں صحت اور ماحولیات پر پلاسٹک کے مضر اثرات کے بارے میں عوام الناس میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کریں۔اُنہوں نے نوجوانوں کو پٹ سن کے تھیلے اور پولی تھین کے دیگر ماحول دوست متبادل تیار کرنے کی بھی ہدایت دی جس کے نتیجے میں نہ صرف سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کی حوصلہ شکنی ہوگی بلکہ انہیں روزگار فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔کمشنرسیکرٹری سنجیو ورما نے ضلع میں خود روزگار پیدا کرنے کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے متعلقہ لوگوں سے کہا کہ وہ روزگار کے مزید مواقع پید ا کرنے کے لئے کوششیں کریں تاکہ بے روزگار نوجوانوں کو ضروری پلیٹ فارم مہیا کرکے ان کی مدد کی جاسکے تاکہ وہ خود کمانے کے قابل سکیں ۔اُنہوں نے بے روزگار نوجوانوں سے کہا کہ وہ حکومت کی طرف سے شروع کی گئی خو روزگار پیدا کرنے کی متعدد سکیموں سے استفادہ کریں۔اُنہوں نے محکمہ روزگار کے متعلقہ اَفسر کو بھی ہدایت دی کہ وہ عوام میں محکمہ کی طرف سے ضلع میں چلائی جارہی مختلف فلاحی سکیموں کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کریں تاکہ وہ ان سکیموں سے فائدہ اُٹھاسکیں۔اُنہوں نے سی ای او ایجوکیشن سے کہا کہ وہ سکول چھوڑنے والوں اور ان کے والدین کو تعلیم کے فوائد سے آگاہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ سکول چھوڑنے والوں کا جلد از جلد اندراج ہو۔انہوں نے محکمہ سکول ایجوکیشن کے متعلقہ افسر کو ضلع میں خواتین کی شرح خواندگی کو بڑھانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔کمشنر سیکرٹری نے صحت سکیم کے تحت لوگوں کی یونیورسل کوریج پر زور دیتے ہوئے محکمہ صحت کے متعلقہ افسر سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس سکیم کے تحت تمام رہ جانے والے مستفیدین کو کم سے کم وقت میں کور کیا جائے۔ انہوں نے کووڈ ٹیسٹنگ کی شرح بڑھانے کے لئے بھی کہا۔چیف ہارٹیکلچر کو ہدایت د ی گئی کہ وہ ضلع میں پھلوں کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے پھلوں کے پودے لگانے کے رقبے کو بڑھانے پر توجہ دیں۔
شہری ہلاکتوں میں پاکستان کا ہاتھ ہے
ملوثین کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا:رویندر رینہ
جموں//جموں وکشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینہ نے بہوری کدل سری نگر میں عام شہری کی ہلاکت پر شدید غم وغصے کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کشمیر کے پُر امن حالات کو درہم برہم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے ۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیری مسلمانوں کا سب سے بڑا دشمن ہے اور یہ کہ وہ نہیں چاہتا کہ کشمیر میں امن کی فضا قائم ہوسکے ۔روندر رینہ نے مزید بتایا ’’بہوری کدل سری نگر میں دہشت گردوں نے ایک عام شہری محمد ابراہیم خان کا بے دردی کے ساتھ قتل کیا جو انسانیت سوز ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ‘‘۔بی جے پی صدر نے بتایا کہ مہلوک شہری اپنے عیال کی کفالت کی خاطر کام میں مصروف تھا کہ اُس پر گولیاں چلائیں گئیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ بیٹھا۔انہوں نے کہاکہ چونکہ سیکورٹی فورسز نے جموں وکشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف حالیہ ایام کے دوران متعدد کامیاب آپریشن کئے جس وجہ سے پاکستان اور ملک دشمن عناصر ذہنی کوفت کا شکار ہو کرعام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ امن و قانون کی صورتحال کو درہم برہم کیا جاسکے ۔بھاجپا صدر کے مطابق’’رات کی تاریکی میں ایک عام شہری پر فائرنگ کرنا کون سی بہادری ہے ‘‘۔روندر رینہ نے بتایا کہ پچھلے 30برسوں کے دوران پاکستان نے ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کا قتل کیا ہے انہوں نے کہا’’شہری ہلاکتوں میں ملوث افراد کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا اور اُنہیں بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘‘۔
ڈوڈہ ضلع میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا سلسلہ جاری
نجی اداروں میں کام کاج ٹھپ، سیول سوسائٹی نے ناقص نظام پر محکمہ کو بنایا ہدف تنقید
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں پچھلے کئی روز سے جاری بجلی کی آنکھ مچولی پر سیول سوسائٹی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کئی وفود نے بتایا کہ بھدرواہ، ٹھاٹھری، گندوہ بھلیسہ و دیگر مضافات میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے انہیں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وفد میں شامل سرپنچ ظفراللہ فراش نے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے جہاں عام آدمی کو پریشانی سے گذرنا پڑ رہا ہے وہیں نجی و سرکاری اداروں میں بھی کام کاج متاثر ہوتا ہے جس کے باعث عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل چلی پنگل میں ناقص بجلی نظام سے مقامی آبادی پریشان ہے۔سرپنچ نے کہا کہ جب بھی متعلقہ محکمہ سے رجوع کیا جاتا ہے تو وہ 33 کے وی کے ترسیلی نظام میں خرابی آنے کا بہانہ بنا کر معاملہ ٹال دیتے ہیں۔ بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس راتھر نے بجلی کی آنکھ مچولی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈوڈہ خطہ سے سینکڑوں میگاواٹ بجلی پیدا ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے مقامی لوگوں کو گھپ اندھیرے میں رہنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آجکل بچوں کے امتحانات بھی چل رہے ہیں اور بجلی کی آنکھ مچولی سے ان کی تعلیم پر بھی اثر پڑتا ہے۔سابق سرپنچ چوہدری فاروق احمد شکاری نے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی پر متعلقہ حکام کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ غریب عوام سے ماہانہ کرایا وصول کیا جاتا ہے لیکن بجلی کے بہتر نظام کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے ضلع و صوبائی انتظامیہ سے ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و بھلیسہ و بونجواہ میں بہتر بجلی نظام بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس ضمن میں جب کشمیر عظمیٰ نے محکمہ بجلی کے اے ای سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ چوہدری پاور پروجیکٹ دوندی میں خرابی آنے کے باعث بجلی متاثر ہو رہی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ مرمت کا کام جاری ہے۔
شیر بی بی میں غیر مقامی باشندے کی لاش برآمد
جموں// جموں وکشمیر کے ضلع رام بن کے بانہال شیر بی بی علاقے میں غیر مقامی باشندے کو پر اسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بانہال کے شیر بی بی علاقے میں منگل کی شام کو مقامی لوگوں نے ایک غیر مقامی باشندے کی لاش دیکھی جس کے بارے میں انہوں نے پولیس کو فوری طورپر مطلع کیا ۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہیں پولیس ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر اُس کی شناخت عرفان احمد شیخ ولد ظہور احمد شیخ ساکن بجنور اتر پردیش کے بطور کی ہے ۔ قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی جائے گی۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ موت کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔
اپنی پارٹی کا وفد ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ سے ملاقی
پانی، بجلی و سڑکوں کی حالت میں بہتری لانے کا مطالبہ کیا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //اپنی پارٹی نے ڈوڈہ ضلع میں بجلی و پانی نظام و سڑک رابطوں کی بہتری کے لئے مؤثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے دور افتادہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی کمی کو دور کرنے کی مانگ کی ہے۔ضلع صدر اصغر حسین کھانڈے کی قیادت میں ایک وفد منگل کو ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما سے ملاقی ہوا اور کئی عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بجلی کا شیڈول مرتب کرنے، سب ڈویڑن ٹھاٹھری کے گاؤں کھٹاسو، سلوگا،مہاری و کمار محلہ ٹپری میں بجلی پہنچانے، ٹھاٹھری بڈانو سڑک کی خستہ حالی، ٹانٹا درمن سڑک پر کام شروع کرنے، کالج روڈ تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔اپنی پارٹی ضلع صدر نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ بجلی کا کوئی بھی شیڈول مرتب نہیں ہے جس کے سبب عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیشتر علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت پائی جاتی ہے۔ڈی سی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان مسائل کا ترجیح بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔اس موقع پر بلاک صدر ٹھاٹھری مشتاق احمد حجام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈوڈہ میں کووڈ کا صرف 1 مثبت کیس
4 نئے مریض صحتیاب ہوئے ،488966 ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ//ڈوڈہ میں منگل کو کوؤڈ 19 کا صرف 1 مثبت کیس سامنے آیا ہے اور چار مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق منگل کے روز ڈوڈہ ضلع کے مختلف مقامات پر ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران صرف 1 مثبت کیس سامنے آیا ہے اور چار مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد سمٹ کر 22 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7731 پہنچ گئی ہے۔ضلع میں اب تک کوؤڈ 19 سے 133 افراد فوت ہوئے ہیں اور 488966 ٹیکے لگائے گئے۔
اپنی پارٹی نے کشمیری پنڈت
ڈس پلیسڈ فورم کے کمیٹی ممبران کا اعلان کیا
جموں//اپنی پارٹی نے کشمیری پنڈت ڈس پلیسڈ فورم کے کمیٹی ممبران کا اعلان کیا۔ پارٹی صوبائی صدر منجیت سنگھ نے پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی منظوری کے بعد تعیناتیوں کا اعلان کیا۔ جی ایل پنڈیتہ کوپرکھو اور بوٹہ نگر (مٹھی کیمپ)کا انچارج بنایاگیاہے جبکہ وویک سپرو کو صوبہ جموں کے آرگنائزنگ سیکریٹری کی ذمہ داری سوپنی گئی ہے۔
شعبہ اْردوجموں یونیورسٹی کے زیراہتمام جشن اْردوکاانعقاد
جموں//شعبہ اْردوجموں یونیورسٹی کے زیراہتمام پروفیسرگیان چندجین سیمی نارہال جموں یونیورسٹی میں یوم اْردوکے موقعہ پر جشن اْردوکااہتمام کیاگیا جس میں وائس چانسلرجموں یونیورسٹی پروفیسرمنوج کماردھر مہمان خصوصی تھے۔اس دوران ایوان صدارت میں پروفیسرقدوس جاویدسابق صدرشعبہ اْردوکشمیریونیورسٹی ، پروفیسرشہاب عنایت ملک پرنسپل انسٹی چیوٹ آف میوزک اینڈفائن آرٹس جموں یونیورسٹی اورپروفیسرمحمدریاض احمد صدرشعبہ اْردو جموں یونیورسٹی شامل تھے۔اس موقعہ پرہمالین ایجوکیشن مشن راجوری کارسالہ ’’دبستان ہمالہ‘‘کااجراء بھی وائس چانسلرجموں یونیورسٹی کے ہاتھوں کیاگیا۔اس دوران رسالے کے مدیراعلیٰ مسلم وانی بھی موجودتھے۔جشن اْردوتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرجموں یونیورسٹی پروفیسرمنوج کماردھرنے شعبہ اْردوجموں یونیورسٹی کویوم اْردومنانے کیلئے مبارکبادپیش کی۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی تقریبات سے نوجوان نسل کوفائدہ پہنچتاہے اوراسی طرح کی تقاریب کالج سطح پرمنعقدہونی چاہئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے مستفیدہوسکیں۔اس موقعہ پروائس چانسلرجموں یونیورسٹی نے ایک اْردونثری نظم بھی پیش کی جس کوشرکاء نے خوب سراہا۔اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسرقدوس جاوید ،سابق صدرشعبہ اْردوکشمیریونیورسٹی نے کہاکہ ڈاکٹرعلامہ محمداقبال کے یوم پیدائش پریوم اْردوکامناناخوش آئندبات ہے۔انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال ایک آفاقی شاعرتھے اوران کی اْردوزبان وادب کے فروغ کیلئے ناقابل فراموش خدمات ہیں۔پروفیسرشہاب عنایت ملک پرنسپل انسٹی چیوٹ میوزک اینڈفائن آرٹس نے یوم اْردوکی اہمیت کواْجاگرکیا اورکالج اساتذہ پرزوردیاکہ وہ نئی نسل کواْردوزبان وادب سے جوڑنے کیلئے کام کریں۔انہوں نے یہ بھی بتایاکہ اس طرح کی تقریبات سے اْردوطلباء کوکس قدرفائدہ پہنچتاہے۔اس دوران یوم اْردوکے موقعہ پرمنعقدہ مذاکرے میں ٹی آررینہ ، اسیرکشتواڑی،خالدحسین، امین بانہالی، پیارے ہتاش ،ڈاکٹرچمن لعل ودیگران نے بھی حصہ لیااوریوم اْردوکے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔قبل ازیںپروفیسرمحمدریاض احمدصدرشعبہ اْردوجموں یونیورسٹی نے استقبالیہ خطبہ پیش کرتے ہوئے مہمانوں کااستقبال اورشکریہ اداکیا۔ انہوں نے کالج اساتذہ، اْردودْنیاکی شخصیات ،شعراء، ادباء اوردیگرمہمانوں کویوم اْردوکی مبارکبادپیش کی۔انہوں نے کہاکہ اْردوایک مشترکہ تہذیب وثقافت کی علمبردارزبان ہے۔انہوں نے علامہ اقبال کی شاعری کی موجودہ دورمیں اہمیت پربھی خیالات کااظہارکیا۔اس دوران پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹرعبدالرشیدمنہاس نے انجام دیئے جبکہ شکریہ کی تحریک ڈاکٹرفرحت شمیم نے پیش کی۔
کورونا کے بڑھتے معاملات میں جموں میں فیس ماسک نہ پہننے والے افراد کی زبردستی کووڈ جانچ جاری … عکاسی میرعمران