رام بن میں چرس کے ساتھ خاتون منشیات فروش گرفتار
ایم ایم پرویز
رام بن//رام بن پولیس نے دعویٰ کیا کہ ہائیر سیکنڈری سکول رام بن کے قریب سے ایک خاتون منشیات فروش کو 125 گرام چرس کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پولیس کو قصبے کی کچھ خواتین منشیات فروشوں کی اطلاع تھی جو علاقے کے نوجوانوں کو منشیات فروخت کرنے کے کاروبار میں ملوث ہیں جس کے بعد سے پولیس نے مختلف مقامات پر لیڈی پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر اس تاجر کو پکڑنے کے لیے کڑی نظر رکھی۔جمعرات کوخاص اطلاع پر پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے سرکاری سکول کے قریب اسٹریٹیجک مقام پر موجود اسے 125 گرام چرس کے ساتھ گرفتار کر لیا۔خاتون منشیات فروش کی شناخت شبنم زوجہ محمد یونس ساکنہ وارڈ نمبر 1 رام بن کے طور پر ہوئی ہے۔اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 136 سیکشن 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن رام بن میں درج کیاگیاہے۔
مرمت کے منگوتہ میں 3 بچوں کا والد بجلی کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل
ایمبولینس کی عدم دستیابی و محکمہ بجلی کی لاپرواہی کے خلاف لوگوں کا احتجاج
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کی تحصیل مرمت منگوتہ میں ایک نوجوان بجلی کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا ہے۔ اس دوران مقامی لوگوں نے ایمبولینس سروس نہ ملنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ مخالف نعرہ بازی کی۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی سپہر مرمت منگوتہ میں محمد اسحاق ولد محمد سلیم وانی (30)جو کہ پیشہ سے مزدور تھااور پچھلے کئی برسوں سے محکمہ بجلی کے ساتھ دہاڑی دار مزدور کی حیثیت سے کام کرتا تھا۔ مقامی لوگوں کے مطابق بدھ کے روز محکمہ بجلی کے ملازمین نے مہلک نوجوان کو منگوتہ بی میں جا کر تار ٹھیک کرنے کو کہا۔ جب وہ وہاں پہنچا اور پول پر چڑھ کر تار ٹھیک کرنے لگا اس دوران بجلی آگئی اور اس کو شدید جھٹکا لگا۔مقامی لوگوں نے موقع پر جاہر مذکورہ نوجوان کو شدید زخمی حالت میں نزدیکی ہیلتھ سینٹر پر پہنچایا اور وہاں سے جی ایم سی ڈوڈہ کے لئے ایک نجی گاڑی میں منتقل کیا تاہم راستے میں ہی وہ دم توڑ بیٹھا۔ اس دوران مقامی سرپنچ کی موجودگی میں لوگوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام ایمبولینس فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کے خلاف بھی غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ نوجوان کی موت کے لئے انہیں ذمہ دار ٹھہرایا۔مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ سے معاملہ کی تحقیقات کرکے قصورواروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے و متاثرہ کنبہ کو معقول مالی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔مہلک نوجوان کے پسماندگان میں تین بچے و اہلیہ شامل ہے۔
میونسپل کمیٹی ٹھاٹھری میں کانگریس و بی جے پی اتحاد نہیں رہا
بی جے پی ڈپٹی چیئرمین مستعفی،کہا عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //میونسپل کمیٹی ٹھاٹھری میں بی جے پی کے ڈپٹی چیئرمین نے کانگریس کونسلروں کی جانب سے اس کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد میں شامل ہونے سے پہلے ہی اپنا استعفیٰ دے دیا جس کو چیئرمین نے منظور بھی کیا۔ڈاک بنگلہ میں منعقد ایک پریس کانفرنس سے مخاطب ہوتے بھاجپا لیڈر بسنت راج ٹھاکر نے کہا کہ ٹھاٹھری کی ترقی و خوشحالی کے لئے دو برس قبل بی جے پی نے تین آزاد امیدواروں کو اپنی حمائت دی تھی لیکن دو برس کے عرصے میں کارکردگی غیر تسلی بخش رہی۔انہوں نے موجودہ چیئرمین پر من مانی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دنوں انہوں نے کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور جس کے بعد بی جے پی اعلیٰ قیادت کی ہدائت پر آج ہم نے اپنی حمایت واپس لینے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹھاٹھری کی تعمیر و ترقی کے لئے ہر ممکن قدم اٹھانے کے لئے تیار ہیں۔ اس موقع پر بولتے میونسپل کمیٹی کے ڈپٹی چیئرمین گروکیش گپتا نے کہا کہ ڈھائی سال کے عرصے میں کچھ تبدیلی نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ ہماری انتظامیہ اور نہ ہی میونسپل کمیٹی میں شنوائی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کی توقعات پر پورا نہیں اترے اور اس لئے بطور ڈپٹی چیئرمین اپنا استعفیٰ دیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی و کانگریس کا تال میل ممکن نہیں ہے اور اس لئے پارٹی ہائی کمان نے یہ فیصلہ کیا۔ ادھر چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹھاٹھری منصور احمد بٹ نے ڈپٹی چیئرمین کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ سے اس پوسٹ کے لئے الیکشن کروانے کی سفارش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وارڈ ممبر 7 کے کونسلر نے ڈپٹی چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی جس میں باقی تین کونسلروں نے بھی شرکت کی لیکن ڈپٹی چیئرمین نے اس میں شامل ہونے سے پہلے ہی اپنا استعفیٰ دیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میونسپل چئیرمین ٹھاٹھری منصور احمد بٹ نے کہا کہ چار کونسلروں نے اس بات پر بی جے پی کے ڈپٹی چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی کہ وہ اس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے جموں و کشمیر کی شناخت کو ختم کرکے دفعہ 370 کو ہٹایا۔انہوں نے کہا کہ ووٹنگ ہونے سے پہلے ہی ڈپٹی چیئرمین نے اپنا استعفیٰ پیش کیا۔واضح رہے کہ 7 رکنی ٹھاٹھری میونسپل کمیٹی میں ایک بی جے پی، ایک اپنی پارٹی، کانگریس کو تین و آزاد امیدوار ایک کونسلر موجود ہے جبکہ کانگریس کے ایک کونسلر کی وفات ہو چکی ہے۔
این ٹی پی ایچ سی ٹاگودبرائے نام
عمارت ہے لیکن بجلی ، پانی اور عملہ ندارد ،بنیادی سہولیات کا فقدان
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ جات میں طبی سہولیات کا فقدان ہونے کے سبب عوام سخت مشکلات کا سامنا کررہی ہے۔ اگرچہ ان علاقہ جات میں انتظامیہ بڑے دعوے تو کرتی ہیں لیکن زمینی حقایق بالکل اسکے برعکس ہیں۔ جہاں کئی علاقوں میں بڑی بڑی عمارتیں تعمیرہوئی ہیں لیکن ان میں طبی سہولیات کی کمی تو کہیں طبی عملہ ہی موجود نہیں ہے۔ایساہی حال سب ڈویژن چھاترو کی تحصیل مغل میدان کے علاقہ ٹاگود میں تعمیر کی گئی این ٹی پی ایچ سی کا ہے۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار کی گئی دومنزلہ پرایمری ہیلتھ سینٹر بنیادی سہولیات سے محروم ہے جسکے سبب عوام سخت مشکلات سے دوچار ہورہی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انھیں امید تھی کہ اب علاقہ میں عوام کو طبی سہولیات فراہم ہونگیں اور لوگ اپنا علاج علاقہ میں ہی کراسکیں گے لیکن ایسا ممکن نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ عمارت تو عالی شان ہے لیکن اس میںطبی عملہ دستیاب ہے نہ ہی پانی و بجلی کا انتظام ہے۔بلوان سنگھ نامی شہری نے بتایا کہ گزشتہ چھ سال سے اگرچہ عمارت بنی تو ہے لیکن اس میں نہ ہی پانی ہے اور نہ ہی بجلی ہے جبکہ عملہ بھی موجود نہیں ہے جسکے سبب عوام کو معمولی علاج کیلئے بھی ضلع ہسپتال کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ انھوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد انکی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔سرپنچ علاقہ ٹاگوڈ نے بتایا کہ انھوں نے ہر ایک کیساتھ اس مسلے کو اٹھایا لیکن کوئی نہیں سنتا جبکہ صرف دو لوگ ہی کام کررہے ہیں تو کس طرح سے عوامکا علاج ممکن ہوپائے گا۔انہوںنے کہا کہ اگرچہ ضلع ترقیاتی کمشنر سے بھی معاملہ اٹھایا گیا تھا تو ضلع ترقیاتی کمشنرنے ایک ہی ڈاکٹر سے کام چلانے کو کہالیکن مریضوں کو سہولیت نہ کے برابرہیں۔
چوری کا معاملہ حل ،مال مسروقہ برآمد،1گرفتار
عاصف بٹ
کشتواڑ//گزشتہ ماہ قصبہ میں ہوئی چوری کی واردات کو پولیس نے حلکرلیا اور چور کو سامان سمیت گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ گزشتہ ماہ سمیر احمد کچلو ولد نذیر احمد کچلو ساکنہ پوچھال نے پالیس تھانہ کشتواڑ میں شکایت درج کروائی جس میں کہا گیا کہ رات کے وقت کچھ نامعلوم چور اس کی دکان میں داخل ہوئے اور کچھ نقدی، کریانہ اور کچھ مقدار زعفران و دیگر سامان چوری کر کے لے گئے۔اس معاملے پر ایف آئی آر نمبر 226/2021 زیردفعہ 457/380 IPC P/S کشتواڑ میں درج کی گئی اور تحقیقات شروع کی گئی۔ تفتیش کے دوران پولیس نے تکنیکی مدد، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور سی ڈی آر/ٹاور لوکیشن، ڈمپ ڈیٹا وغیرہ کی مدد سے پوچھ گچھ کے لیے کئی مشتبہ افراد کو پکڑ لیاجن سے مسلسل پوچھ گچھ کی گئی ۔دوران تفتیش ایک نے اپنے ملوث ہونے اور چوری کااعتراف کرلیا۔ملزم کے انکشاف پر اس کے گھر سے چوری کئے گئے سامان کی برآمدگی ہوئی ہے۔ ملزم کی شناخت چیتک شرما ولد شیو راج شرما سکنہ ڈوری سرتھل کشتواڑ کے طور پر ہوئی ہے۔ملزم نے خاکی جیکٹ اور ٹراؤزر پہن رکھا تھا جو سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس کی وردی کی طرح نظر آرہا تھا، تاکہ معاشرے میں پولیس کی شبیہ کو خراب کیا جاسکے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے کیسر جس کی قیمت 50,000 روپے اور نقد ہار6,000 روپے ،موبائل 02 پولیس قسم کی وردی 01،لوہے کی سلاخ 01 اور موٹر سائیکل (پلسر) زیر نمبر Jk03B1575برآمد کی ہے ۔
زیر سروس سینئر ٹیچر کی رحلت پر تعزیت
بانہال//کئی ادبی اور اساتذہ انجمنوں نے چند روگ ، میترا رام بن سے تعلق رکھنے والے سینئر ٹیچر کی رحلت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ اس سلسلے میں طاہر محی الدین تانترے کے گھر پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ تعلیم کے سینئر ٹیچر غلام محی الدین تانترے ساکنہ خیرکوٹ بانہال حال چند روگ میترا رام بن کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔تعزیتی اجلاس میں مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی اللہ رب العزت سے دعا کی گئی۔ مرحوم غلام محی الدین تانترے نے کم و بیش 36 سال محکمہ تعلیم میں اپنی خدمات انجام دی ہیں اور 31مارچ2022کو وہ سبکدوش ہونے والے تھے ۔ مرحوم غلام محی الدین تانترے محکمہ تعلیم میں تعینات طاہر محی الدین تانترے کے والد اور کشمیری زبان کے معروف شاعر،ادیب اور مورخ شبیر حسین شبیر ساکنہ خیر کوٹ بانہال کے ماموں تھے۔