سرینگر//حضرت غوث العظم دستگیر ؒ کے سالانہ عرس کی اختتامی تقریبات کے سلسلے میں پوری وادی میںتقریبات کا انعقاد کیا گیا اور سب سے بڑی تقریب شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کے آستان عالیہ خانیار سرینگرمیں منعقد ہوئی جہاں پر درودواذکار کی روح پرور مجالس میں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی ؒ کے سالانہ عرس کی اختتامی تقاریب منعقد ہوئیں اور خانیار میں خانقاہ غوث العظم دستگیر میں عقیدت مندوں ،جن میں خواتین بھی شامل تھیں، درود واذکار میں محو رہے اوردن بھر نعت و منقبت اور ختمات المعظمات کی محفلیں آراستہ ہوئیں۔ دستگیر صاحبؒ کے عرس کے سلسلہ میںخانیار کے ساتھ ساتھ سرائے بالا میں بھی عقیدتمندوں نے شرکت کی اورعلاقہ کی فضائیں روح پرور آوازوں سے گونجتی رہیں۔جمعہ کونماز فجر کے موقعہ پر خانیار اور سرائے بالا میں عقیدتمندحضرت غوث العظم ؒ کے تبرکات کے دیدار سے فیضیاب ہوئے اور یہ عمل ہر نماز کے بعد دہرایا گیا۔ادھر عرس مبارک حضرت پیران پیر غوث العظم حضرت سید عبدالقادر جیلانیؒ کی اختتامی تقریب کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب زیارت پیر دستگیر صاحبؒ خانیار شریف کے علاوہ درگاہ غوثیہ رہبابہ صاحب عالی کدل ، دستگیر صاحب سرائے بالا ، پنجورہ شوپیان، جناب صاحب صورہ ، نادی ہل بانڈی پورہ ،بانہال، رفیع آباد ، نور آباد کولگام،سوپور اور دیگر زیارت گاہوں پرمنعقد ہوئی جہاں ہر نماز کے بعد موئے پاک غوث العظمؒ کی نشاندہی کی گئی اور علماء نے حضرت غوث پاکؒ کی سیرت پر روشنی ڈالی۔ قدیم درگاہِ غوثیہ رہبابہ صاحب عالی کدل میں تقریب پر نماز جمعہ سے قبل میر واعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے حضرت محبوب سبحانی شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی پاک سیرت ، علمی اور روحانی کمالات پر تبلیغ فرماتے ہوئے کہا کہ شاہ جیلانؒ کی اسلام کی آبیاری ، تبلیغ واشاعت ، روحانی اور علمی کمالات عالم اسلام کی تاریخ میں ایک سنہری باب ہے اور اُن کی تعلیم قرآن وحدیث پر مبنی ہے اور ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ادھر صبور باب صاحبؒ میں مولانا شوکت حسین کینگ، درگاہِ اکملیہ میں مولانا خورشید احمد قانونگو اور قاضی یار مسجد میں ڈاکٹر مولوی لطیف اللہ نے حضرت غوث ؒپاک کی سیرت پر وعظ فرمایا۔