جموں میں 3 منشیات فروش گرفتار ،31گرام ہیروئن برآمد
جموں// منشیات کی اسمگلنگ اور استعمال کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے جموں پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران تین منشیات فروشوں سے 31 گرام ہیروئن برآمد کرکے بڑی کامیابی حاصل کی۔پولیس سٹیشن جانی پور کی ٹیموں کی جانب سے ایک فعال ناکا لگایا گیا تھا ۔پولیس ناکے کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ایک مشتبہ شخص کو پکڑ لیاجس کی تلاشی لینے پر اس کے قبضہ سے 31 گرام ہیروئن برآمد ہوئی ۔پولیس نے مزید پوچھ کچھ کے بعد مزید دو افراد کی بھی گرفتاری عمل میں لائی ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔
’عوام تک رسائی پروگرام‘
ایس ایس پی کشتواڑ کا دچھن دورہ، مختلف مقامات پرعوامی دربار بھی منعقد
عاصف بٹ
کشتواڑ //پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طور پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ میٹنگ دچھن کے ٹنڈر ،سوندر و دلگوٹ علاقے میں منعقد ہوئی۔ ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے دچھن علاقے کے تھانہ، پولیس پکٹس اور ایس او جی کیمپوں کی سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور علاقے کے کرکٹ کھلاڑیوں سے بھی بات چیت کی۔ ایس ایس پی کشتواڑ کے ساتھ ایس ڈی پی او مڑواہ نثار خواجہ اور ایس ایچ او پی ایس دچھن وکرم سنگھ بھی تھے ۔مختلف مقامات پر منعقد ہونے والے عوامی دربار وں میں علاقہ کے معززین سرپنچوں وپنچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔میٹنگ کے دوران شرکا نے مختلف نوعیت کے مسائل اٹھائے جنہیں ایس ایس پی نے صبر وتعمل کے ساتھ سنا اور اور انہیں یقین لایا کہ ان کے حقیقی مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پرنکالا جائے گا ۔ ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے شرکاء کو پولیس کی جانب سے جاری بڑی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔اس دوران انہوں نے لوگوں سے منشیات سے دور رہنے اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے باز رہنے کی تلقین کی۔
۔۔۔۔۔۔۔
جموں سرینگر شاہراہ اور کشتواڑ میں الگ الگ سڑک حادثات
3 افرادشدید زخمی ،ہسپتال منتقل ، مقدمات درج ،تحقیقات شروع
محمد تسکین +عاصف بٹ
بانہال/کشتواڑ/ جموں سرینگر شاہراہ اور کشتواڑ میں 2 الگ الگ سڑک حادثات میں تین لوگ زخمی ہوئے ہیں ،جنہیں علاج ومعالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جموں سرینگر شاہراہ پر واقع چملواس کے مقام ایک مقامی وین اور ایک ٹیمپو ٹرولر کی سیدھی ٹکر ہوئی ،تاہم مسافروں کا بچاؤ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹکر میں وین کے ڈرائیور کو زخم آئے ہیں، تاہم وہ خطرے سے باہر بتائے جاتے ہیں۔پچھلے کئی ہفتوں کے دوران ناشری ٹنل کے آندر سے لیکر بانہال کے درمیان ایک درجن کے قریب چھوٹے بڑے حادثے رونما ہوئے ہیں جن میں چار بچوں سمیت ایک درجن کے قریب افراد لقمہ اجل بنے ہیں، جبکہ دو درجن سے زائد مسافر زخمی ہوئے ہیں، جن میں کچھ زخمی ابھی بھی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ اس دوران کشتواڑ قصبہ میں پولیس تھانہ کے نزدیک بعد دوپہر موٹر سائیکل اور تویرہ گاڑی کے درمیان ٹکر ہوئی جس میں بائک سوار سمیت 2افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ موٹرسائیکل و گاڑی کو کافی نقصان پہنچا۔ پولیس نے اس سلسلے میں پولیس تھانہ کشتواڑ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
ریہاڑی جموں میں اپنی پارٹی یوتھ وینگ کا یک روزہ کنونشن
لیڈران کا بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری پر تشویش کا اظہار
جموں//اپنی پارٹی سنیئر نائب صدر غلام حسن میر نے جموں وکشمیر کے اندر تعلیم یافتہ نوجوانوں میں بڑھتی بے روزگاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وہ ریہاڑی جموں میں اپنی پارٹی یوتھ ونگ کے ریاستی جنرل سیکریٹری ابہے بقایہ، یوتھ ونگ صوبائی صدر جموں وپل بالی کی طرف سے منعقدہ یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حسن میر نے کہا’’بدقسمتی کا مقام ہے کہ حکومت یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ جموں وکشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہے، در حقیقت ، جموں وکشمیر کا اگر ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ موازنہ کیاجائے تو یہاں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔ جوصورتحال پیدا ہورہی ہے وہ حکومت کی فوری توجہ کی متقاضی ہے کہ روزگار کے مواقعے فراہم کر کے بے روزگارنوجوانوں کے مسائل حل کئے جائیں ‘‘۔میر نے کہاکہ ’’بھارت دنیا بھر میں جمہوریت کے لئے جانا جاتا ہے لیکن جموں وکشمیر میں لوگ جمہوری نظام حکومت سے محروم ہیں اور یہاں پر کئی سالوں سے لیفٹیننٹ گورنر رول چل رہا ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں جوحالات پیدا ہورہے ہیں، اُن کا ازالہ کرنے کیلئے یہاں پر منتخب حکومت ہونا ناگزیر ہے جودونوں خطوں کی خواہشات کی نمائندگی کرتی ہو۔انہوں نے مزید کہاکہ اپنی پارٹی کا ماننا ہے کہ نئے ماحول میں کشمیر مرکوز یا جموں مرکوز حکومت کبی بھی عوام کی توقعات پر کھرا نہیں اُترسکتی بلکہ یہاں پر ایسی حکومت درکار ہے جوپورے جموں وکشمیر کی خواہشات وتوقعات کی ترجمانی کرے ۔ پارٹی نائب صدر چوہدری ذوالفقار علی نے کہاکہ جموں وکشمیر میں سب سے زیادہ متاثر نوجوان ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا’’ہر ایک کو پتہ ہے کہ دفعہ370کی منسوخی کے بعد اپنی پارٹی کا قیام عمل میں لایاگیا، صرف جموں وکشمیر کے باشندگان کیلئے درجہ چہارم آسامیاں مخصوص تھیں باقی آسامیوں کے لئے انڈیا بھر سے حصہ لے سکتے تھے، تاہم ہماری جماعت نے اِس معاملے پر زبردست موقف اختیار کیا اور جموں وکشمیر کے مقامی نوجوانوں کے حق میں فیصلہ واپس کروایا‘‘۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہیں لیکن اُس کے باوجود بے روزگاری ہے، ہمیں نوجوانوں سے مرکوز پالیسی بنانی ہوگی، ہمارا ماننا ہے کہ پچھلے تیس سالوں کے پر آشوب ماحول کے دوران نوجوان سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں، یہاں بڑی صنعتیں نہیں، نوجوان سرکاری نوکریوں پر منحصر ہیں۔ریاستی جنرل سکریٹری وجے بقایہ نے یوتھ ونگ کے عہدیداروں کو حوصلہ افزا اور پرجوش نوجوانوں کا ایک متاثر کن اجتماع منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی جو سیاسی طور پر بیدار اور بالغ نظر آئے۔بقایہ نے کہا کہ’’ان کا تعلق اس نسل سے تھا جس نے شاید ہی ایک بار ووٹ دیا ہو، اور وہ خوش قسمت تھے کہ جب انہوں نے اگلا ووٹ دیا تو اپنی پارٹی کے نام سے ایک متبادل سامنے آئے گا جو ایک سچی جماعت تھی اور جو ایمانداری سے نوجوانوں کی طاقت پر یقین رکھتی تھی‘‘۔ اپنی پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری سید اصغر علی نے یک روزہ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں نوجوانوں کی طاقت کو خاص طور پر ترقی اور قیام امن کے حوالے سے تسلیم کیا گیا ہے۔ اُن کی شمولیت کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں کیونکہ وہ ہماری آبادی کا 65 فیصد ہیں۔نوجوانوں میں حالات میں تبدیلی لانے کی توانائی ہے۔ تاہم، ہمارے نوجوانوں کو بے روزگاری کے بہت سنگین چیلنج کا سامنا ہے۔ وادی چناب پن بجلی پروجیکٹ میں ہنر مند اور غیر ہنر مند ملازمتوں میں روزگار کے وسیع امکانات رکھتے ہیں لیکن ایل جی انتظامیہ اس مسئلے پر توجہ نہیں دے رہی ہے جس کے لیے ایک مناسب روڈ میپ بنایا جانا چاہیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جموں کے صوبائی صدر منجیت سنگھ نے پروگرام کے منتظم کی تعریف کی اور کہا کہ جموں و کشمیر میں روزگار کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اس نے دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے مقابلے میں ملک میں اعلیٰ مقام کو چھو لیا ہے۔یوتھ ونگ کنونشن میں معاون ترجمان ایڈووکیٹ نرمل کوتوال، سابقہ ایم ایل اے فقیر ناتھ، صوبائی صدر ڈاکٹر روہت گپتا، ایس سی ریاستی کارڈی نیٹر بودھ راج بھگت، ضلع صدر جموں اربن پرنو شگوترہ، ضلع صدر جموں رورل اے پشپا دیو اوپل، یوتھ ونگ ریاستی سیکریٹری سلمان بھٹ، ریاستی کارڈی نیٹر صلاحیت سازی پروگرام طارق ، صوبائی کارڈی نیٹر سابقہ ایکس سروس مین سیل کلونت سنگھ، صوبائی صدر لیگل سیل ایڈووکیٹ وکرم راٹھور، صوبائی صدر ٹریڈ یونین راج شرما، صوبائی کارڈی نیٹر او بی سی جموں سوہن سنگھ، ضلع صدر ٹریڈ یونین انیرودھ وسیست، ضلع صدر یوتھ ونگ جموں شیوم چوہدری ، ریاستی جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ مظفر ریشی، ریاستی جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ چوہدری طفیل ، سنیئر لیڈر اپنی پارٹی خشبو بھگت وغیرہ بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔
بانہال کی بنکوٹ پنچائت میں گرام سبھا کا انعقاد
محکمہ دیہی ترقیات اور پنچائتی راج کے ممبران کی شرکت، کئی کاموں کا پلان مرتب
محمد تسکین
بانہال// بانہال کے بنکوٹ پنچائت کی گرام سبھا ڈگری کالج بنکوٹ بانہال میں انجام دی گئی جس میں مقامی لوگوں کے علاؤہ ضلع ترقیاتی کونسل کے کونسلر امتیاز احمد کھانڈے ، بلاک ڈیولپمنٹ افسر بانہال عامر حسن ، سرپنچ بنکوٹ محمد الیاس بانہالی ، محکمہ دیہی ترقیات کے اسٹیٹیکل آفیسر تعظیم احمد وانی ، ایگریکلچر کے جاوید احمد ڈار ، الطاف احمد بٹ ، محکمہ جنگلات کے مشتاق احمد وانی ، محکمہ مال کے متعلقہ پٹواری غلام نبی نائیک اور ہارٹیکلچر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سرپنچ محمد الیاس وانی کی طرف سے وارڈ ممبران کے ساتھ تشکیل دیئے گئے آئندہ کے پلان کا خاکہ مجلس کو پیش کیا جس میں بنکوٹ پنچائت کے 7 وارڈوں میں مختلف کاموں کو انجام دینا مطلوب ہے۔ انہوں نے پنچایت بنکوٹ میں انجام دیئے گئے کاموں کی فہرست بھی پڑھ کر سنائی۔ اس سے پہلے نائب سرپنچ مبارک گیری نے بنکوٹ پنچائت میں انجام دیئے گئے اور دیئے جانے والے کاموں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر لوگوں نے اپنے کئی مطالبات اٹھائے اور الزام لگایا کہ بیشتر کام لوگوں کو پوچھے بغیر ہی پلان کا حصہ بنائے جاتے ہیں اور عام لوگوں کو ابھی تک نہ سابقہ بقایا رقومات ادا کی گئی ہیں اور ناہی کئی غریبوں خاص کر گوجر ناڑ کے گوجروں کے نام پرائم منسٹر آواس یوجنا کے تحت مفت مکانوں کی فہرست میں لائے گئے ہیں۔ گوجر ناڑ کی آبادی نے علاقے کیلئے دیرینہ مانگ لنک روڈ کو تعمیر کرنے ، چھاناڑ اور ڈگری کالج محلہ کے لوگوں نے پینے کے پانی کی فراہمی اور گوجر ناڑ اور پسنجر شیڈ چھاناڑ کے اوپر بمدو سال پہلے تعمیر کئے گئے واٹر ریزرور کو فوری طور پر چالو کرنے سمیت کئی مدعے ڈی ڈی سی کونسلر اور اپنے سرپنچ کی نوٹس میں لائے۔ اس موقع پر عامر حسن بلاک ترقیاتی افسر نے بتایا کہ وارڈ سبھاوں سے مرتب کئے گئے پلان اور کاموں کو گرام سبھا میں اٹھایا جاتا ہے اور اگر اس میں مزید کچھ کام رہ گئے ہوں یا دس فیصدی ووٹروں کی موجودگی میں وارڈ سبھاوں کا انعقاد نہ کیا گیا ہو، تو اس کیلئے دوبارہ سے وارڈ اور گرام سبھاوں کو بلایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقے کی تعمیر وترقی کیلئے گرامین سبھاوں میں شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ بعد میں پلان میں رکھے گئے کاموں پر تنازعہ اٹھنے کی نوبت نہ آئے۔ انہوں نے کئی عوامی مسائل کو بھی حل کرنے کی یقین دھانی کرائی۔اس موقع پر ڈی ڈی سی کونسلر امتیاز احمد کھانڈے نے چھاناڑ لنک سڑک کیلئے 2 لاکھ روپئے کی رقم دینے کا اعلان کیا ،جبکہ اس کے علاوہ دیگر کئی کاموں کو بھی اپنے فنڈس سے رقومات فراہم کرنے کی یقین دھانی کرائی اور اسے کارروائی رجسٹر میں درج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گوجر بستی بنکوٹ میں لوگوں کو ایک ایک بلب کے جلانے پر چار سو روپئے تک کی بلیں تھمائی جاتی ہیں اور وہ اس کیلئے گوجر بستی کے تمام 120 گھروں میں بجلی میٹر نصب کریں گے تاکہ اس غریب طبقے کی بجلی بلوں کو ایک سو روپئے ماہانہ کے آس پاس تک لایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کیلئے اپنے فنڈز سے رقم فراہم کریں گے۔ اْنہوں نے کہا کہ وہ علاقے کی تعمیر وترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے اور جلد ہی گگڑواہ نالہ کو استعمال کرکے اسے ایک شاندار کھیل کے میدان کے طور وجود میں لایا جائیگا۔
سجاد کچلو کا مڑوہ واڑون کا دورہ
برف باری سے قبل اشیائے ضروریاں کو یقینی بنانے کا مطالبہ
عاصف بٹ
کشتواڑ //زونل صدر نیشنل کانفرنس چناب ویلی سجاد احمد کچلو نے ضلع انتظامیہ کشتواڑ پر زور دیا ہے کہ وہ مڑواہ و واڑون کے تمام علاقوں میں سردیوں سے قبل تمام ضروری خدمات کو یقینی بنائیں تا کہ لوگوں کو کسی بھی سطح پر تکلیف نہ ہو۔انہوںنے مڑواہ اور واڑون کے متعدد علاقوں کا دورہ کیا ، انکے ہمراہ ڈی ڈی سی ممبر واڑون عبدالر زق و دیگر سینئر لیڈران بھی موجود تھے۔کچلو نے صحت کے اداروں میں طبی عملے و میڈیکل اسٹاف کی موجودگی اور لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ادویات کا مناسب ذخیرہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ جبکہ راشن گھاٹوں پر راشن کا مناسب ذخیرہ کرنے کے علاوہ علاقے میں دیگر ضروریات زندگی کی چیزوں کو بھی بہم پہنچانے کی انتظامیہ سے اپیل کی ۔
۔
تین زرعی قوانین کی منسوخی
وزیر اعظم قوم کو اولین ترجیح دیتے ہیں:رانا
سرینگر //تین زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے وزیر اعظم کے فیصلے کو سرہاتے ہوئے بی جے پی لیڈر اور سابق قانون ساز دیویندر سنگھ رانا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ایک جمہوریت پسندرسیاستدان کے طور پر ابھرے ہیں جو قوم کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کیلئے قوم پہلے پھر باقی چیزیں ہیں اور قوم کو ہر ممکن سہولیات کو فراہم کرنے کیلئے ان کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔رانا نے بکرم چوک میں گرودوارہ یادگار لیفٹیننٹ جنرل بکرم سنگھ میں سنگت سے خطاب کرتے ہوئے کہا’قوم کو وزیر اعظم کی جانب سے اٹھایئے گئے دانشمندانہ سیاسی موقف پر فخر ہے۔ رانا نے کرتارپور صاحب کے افتتاح کو بھی سراہا،انہوں نے کہا کہ سکھ عقیدت مند اس فیصلے سے خوش ہیں ۔رانا نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ تہواروں کا حصہ بن کر ایک دوسرے کی خوشیاں بانٹ رہے ہیں، جو بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جامعیت کا یہ جذبہ معاشرے میں ہم آہنگی اور سکون لانے کیلئے تیزی سے پھلے پھولے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب محبت، ہمدردی اور بے لوث خدمت کیلئے کھڑے ہیں لیکن ان کی تعلیمات کو نفرت اور لالچ کے عالم میں خاموش نہیں رہنے دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان رجحانات سے بچنے کیلئے، وحدت تنوع کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی بے حد ضرورت ہے، جیسا کہ تمام مذاہب نے دعویٰ کیا ہے۔رانا نے کہا کہ تہوار منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم سچائی کے راستے پر چلنے کا عہد کریں اور سماجی انصاف، مساوات، ہمدردی، محبت اور اتحاد کے فطری اصولوں پر مبنی معاشرے کی تعمیر کے لیے کام کریںکیونکہ یہی گرو نانک دیو جی کی تعلیمات کا مرکز رہا ہے۔اس موقع پر موجود لوگوں میں بی جے پی کے سینئر لیڈر ستیش شرما، صدر گرودوارہ کمیٹی اور بی جے پی لیڈر سردار جسمیت سنگھ، بی جے پی کے ضلع جنرل سکریٹری آئی ٹی سیل، اپیندر سنگھ، بی جے پی ٹرانسپورٹ سیل کے لیڈر سردار درشن سنگھ، سردار موہن سنگھ، سردار جگ دیو شامل تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رانا نے نئے ڈوگری گانوں کاالبم جاری کیا
زبان کو فروغ دینے کیلئے نوجوانوں کی سراہنا کی
جموں // بی جے پی لیڈر اور سابق قانون ساز دیویندر سنگھ رانا نے کل ڈوگری آرٹ اور کلچر کے فروغ میں مصروف نوجوانوں کی ستائش کی۔انہوں نے کہا ’یہ سچ ہے کہ موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی لیکن جب ڈوگری کی بات آتی ہے، تو یہ لوگوں کو ایک انوکھی ڈوری میں باندھتی ہے اور معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کرتی ہے۔‘‘ رانا نے ڈوگری میں ایک البم ریلیز کی جسے ایچ آر لکنوترا نے تحریر کیا ہے ۔ رانا نے کہا کہ موسیقی تمام حدوں کو عبور کرتی ہے، روحوں کو چھوتی ہے اور تناؤ اور نفرت سے پاک چمک پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنکاروں کی کامیابی اس سکون سے ظاہر ہوتی ہے جس کے ساتھ سامعین گونجتے ہیں، انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس البم کو موسیقی کے شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملے گی، جو ہمیشہ ان کے سامنے کچھ نیا اور منفرد پیش کرنے کی جستجو میں رہتے ہیں۔اس موقع پر موجود لوگوں میں ہریش کیلا، پروفیسر آر ڈی شرما، کیپٹن للت شما، یشپال یش، روی شرما، رندھیر سنگھ اور دیگر شامل تھے۔
جموں کا ڈاکٹر اعزاز سے سرفراز
جموں// جموں و کشمیر کے ایک سینئر ڈاکٹر کو اتوار کے ایک بین الاقوامی ایوارڈ پیش کیا گیا۔سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ درد میں حالیہ پیشرفت پر بین الاقوامی کانفرنس (ICRA-PAIN) 2021 19 سے 21 نومبر تک 3D ورچوئل پلیٹ فارم پر منعقد ہوئی۔ یہ کانفرنس پہلی بین الاقوامی درد کانفرنس تھی جو عملی طور پر جموں و کشمیر سے منعقد کی گئی تھی جس میں 134 بین الاقوامی اور قومی نامور اساتذہ نے درد اور فالج کی دیکھ بھال کی دوا کے شعبے میں اپنے تجربات کا اشتراک کرنے کے لیے شمولیت اختیار کی۔
اس کانفرنس کا اہتمام دارادیا پین فاؤنڈیشن (DPF) اور انٹروینشنل پین اینڈ اسپائن سینٹر (IPSC) نے کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں 578 مندوبین نے شرکت کی۔ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر روہت لاہوری جو جموں کے ایک بڑے سرکاری ہسپتال میں درد اور فالج کی دیکھ بھال کے ماہرہیں کو
2021 بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس سال کی کانفرنس کا موضوع تھا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کانگریس کارکنوں کی حوصلہ افزائی
جموں و کشمیر میں بی جے پی کی شکست کو یقینی بنانا چاہتے ہیں: جی اے میر
جموں / /پردیش کانگریس کے سربراہ جی اے میر نے اتوار کے روز کہا کہ پارٹی کیڈر متحد اور حوصلہ افزائی کو یقینی بنانے کے لئے متحد ہے اور اس سے اگلے سال بی جے پی کی جڑیں اکھڑ جائیں گی ۔میر اودھمور ضلع میں کانگریس کے جاری ملک گیر 'جن جاگرن ابھیان' کے ایک حصے کے طور پر بی جے پی پر الزام لگا رہے تھے کہ انہوں نے نفرت کی سیاست کی اور لوگوں کی فلاح کیلئے کوئی بہتری کا کام نہیں کیا ۔، سینئر لیڈر غلام نبی آزاد کے وفادار سمجھے جانے والے درجنوں رہنماؤں میں سے چار سابق وزراء اور تین سابق ممبران اسمبلی نے حال ہی میں پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دے دیا، یہ کہتے ہوئے کہ انہیں پارٹی معاملات پر بات کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا گیا۔ میر نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’پوری پارٹی کیڈر اس وقت متحد اور متحرک ہے اور یہ یقینی بنانا چاہتی ہے کہ 2022 میں بی جے پی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔‘‘انہوں نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لوگوں نے بی جے پی کو مسترد کر دیا ہے اور کانگریس کو تسلیم کر لیا ہے۔میر نے کہا’ہم ہر گاؤں میں خاموش کانگریسی کارکنوں کو تلاش کرنے کیلئے نکلے ہیں اور جب بھی جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات ہوتے ہیں، پارٹی ان ہی کارکنوں کو مدعو کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی عوام کو بی جے پی کی قیادت والی حکومت کی "غلط تصور" پالیسیوں کے بارے میں آگاہ کر رہی ہے ،جس کی وجہ سے مہنگائی، بے روزگاری اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔