بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر ضلع رام بن کے رامسو مارکیٹ کے قریب سیاحوں سے بھری ایک گاڑی کے ایک حادثے میں پانچ خواتین سمیت گیارہ مسافر زخمی ہوئے ہیں اور یہ تمام سیاحت پر کشمیر آئے تھے اور ان کا تعلق آندھراپردیش ریاست سے ہے۔ پولیس زرائع نے بتایا کہ پیر کے روز یہ حادثہ اسوقت پیش آیا جب سرینگر سے چندی گڑھ کی طرف آنے والی ٹیمپو ٹرولر شاہراہ پر واقع رامسو مارکیٹ کے پاس ہی الٹ گئی اور اس حادثے میں گیارہ سیاح زخمی ہو گئے جن میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں اور ان کا تعلق وجے واڑہ آندھرا پردیش سے ہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ سڑک پر پلٹنے سے پہلے اس تیز رفتار گاڑی کا ایک ٹائرپھٹ گیا تھا اور گاڑی حادثے کا شکار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ رامسو کے مقامی لوگوں، پولیس اور رضاکاروں نے زخمیوں کو پرائمری ہیلتھ سینٹر رامسو منتقل کیا جہاں سے انہیں ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا ہے۔ رامسو ہسپتال ذرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ زخمیوں میں سے تین خواتین کو سر پر زخم ائے ہیں تاہم تمام خطرے سے باہر ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی شناخت لکشمی دیوی زوجہ ورا پرساد، سریدا دیوی زوجہ کانتا راؤ، کوٹیسرما دیوی ، موہنی دیوی ، سی ہیچ ، کنتھا راؤ، بدری ناتھ ، سنیتا، کلوی پرساد اور میجر رام ساکنان وجے واڑہ آندھراپردیش کے طور کی گئی ہے۔