پولیس سٹیشن ہرنی میں الوداعی تقریب
جاوید اقبال
مینڈھر //پولیس سٹیشن ہرنی میں مقامی معززین کی جانب سے ایک الوداعی تقریب کا اہتما م کیا گیا جس میں پولیس آفیسران و مقامی معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس تقریب کے دوران مقررین نے سابقہ ایس ایچ او ہرنی نیاز احمد چوہدری کی تبدیلی پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔مقررین نے کہاکہ آفیسر موصوف نے مینڈھر سب ڈویژن کے ہرنی پولیس سٹیشن میں رہ کر عوامی وقار کیلئے انتہائی اہم کام کئے ہیں جبکہ انہوں نے آفیسر موصوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔اس دوران نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ او فاروق احمد خطیب کااستقبال کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ گور سائی پولیس سٹیشن میں رہ کر لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی خدمات انجام دیں گئے ۔اس تقریب میں ڈی ڈی سی ممبر باجی فاروق چوہدری ،وسیم احمد خان سرپنچ ہرنی ،عارس خان ،احسان اکرم ،ماجد خان ،کے علاوہ کئی معززین بھی موجود تھے ۔
اضافی کرایہ و طلباء کو ہراساں کرنے کا معاملہ | سٹوڈنٹ یونین کا وفد تحصیلدار مینڈھر سے ملاقی
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کی مختلف رابطہ سڑکوں پر طلباء سے وصول کئے جارہے اضافی مسافر کرایہ اور ڈرائیوروں کی جانب سے ہراساں کئے جانے کے معاملے کو لے کر سٹوڈنٹ یونین کا ایک وفد تحصیلدار مینڈھر سے ملاقی ہوا ۔وفد میں شامل اراکین نے کہاکہ رابطہ سڑکوں پر تمام چھوٹی اور بڑی مسافر گاڑیوں کے مالکان و ڈرائیوروں کی جانب سے اضافی کرایہ وصول کیا جارہا ہے اور قاعدہ کے تحت کرایہ وصول کرنے کے بارے میں بات کر نے پر ہی ڈرائیوروں کی جانب سے طلباء کر شدید ہراساں کیا جاتا ہے جبکہ ٹریفک اور مقامی انتظامیہ ڈرائیوروں کیخلاف کارروائی کرنے میں ابھی تک پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔انہوں نے شکایت درج کرواتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں متعلقہ حکام سے کئی مرتبہ رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔تحصیلدار مینڈھر نے وفد کی مشکل کو بغور سننے کے بعد یقین دلایا کہ طلباء کیساتھ نا انصافیاں نہیں ہونے دی جائیں گی ۔آفیسر موصوف نے موقعہ پر موجود ایجنٹوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ مسافر کرایہ قاعدہ کے تحت وصول کیا جائے جبکہ قاعدہ کیخلاف کام کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔تحصیلدار مینڈھر نے طلباء کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ان کی مشکلات حل کی جائیں گی ۔
محکمہ مال کا بالا کوٹ میں بیداری کیمپ
جاوید اقبال
مینڈھر //محکمہ مال کی جانب سے بالا کوٹ تحصیل میں ایک عوامی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران مقامی لوگوں کو سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جارہے ہیں ۔محکمہ کے اعلیٰ آفیسران نے بتایا کہ سرحدی علاقوں کی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک عوامی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے جو کہ ایک ہفتے تک جار ی رہے گا ۔اس کیمپ کے دوران تمام ملازمین کو خاص طور پر حاضر رکھا گیا ہے تاکہ مکینوں کو مقررہ مدت کے اند ر ہی سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔تحصیلدار بالا کوٹ نے بتایا کہ تحصیل میں مختلف سرٹیفکیٹوں کیلئے آنے والی ہجوم کو دیکھتے ہوئے انہوں نے ایک خصوصی کیمپ کا اہتمام کر کے لوگوں کو ضروری سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا عمل شروع کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک ہفتے تک مذکورہ کیمپ کا مسلسل جاری رکھا جائے گا ۔
بالاکوٹ جنگلات مسلسل آگ کی لپیٹ میں
جاوید اقبال
مینڈھر //تحصیل بالاکوٹ کے سرحدی جنگلات گزشتہ دو دنوں سے آگ کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے ایک وسیع علاقہ میں سینکڑوں کی تعداد میں درخت اور پودے جل کر راکھ میں تبدیل ہو گئے ہیں ۔گزشتہ دنوں آگ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی جانب سے لگی جس کے بعد کچھ ہی مدت میں حد متارکہ عبور کر کے بالاکوٹ کے جنگلات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے بعد جنگلی جانور اور پرندوں نے رہائشی علاقوں کی جانب اپنا رخ کر لیا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ اور ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ آگ پر قابو پانے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے جس کی وجہ سے جہاں ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو تا جارہا ہے وہائیں وسیع جنگلات بھی تباہ ہو رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد آگ پر قابو پایا جائے تاکہ عام لوگوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔
BGSBU کا نان ٹیچنگ عملہ غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال پر
سمت بھارگو
راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے غیر تدریسی عملے نے اپنے مطالبات کے حق میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کر دی ہے اور منگل کو مسلسل دوسرے دن بھی دفتری کام کاج بند رکھا گیا جبکہ ملازمین نے اپنی مانگوں کو لے کر یونیورسٹی کیمپس میں دھرنا شروع کردیا ہے ۔قبل ازیں نان ٹیچنگ ایسوسی ایشن کے ملازمین نے پیر کے روز اپنا کام چھوڑ دیا تھا اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے ملاقات کرکے اپنے مطالبات کو اجاگر کیا تھا جہاں وائس چانسلر نے ملازمین کو یقین دلایا کہ تمام حقیقی مطالبات زیر غور ہیں اور بنیادی مطالبات کو حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم منگل کے روز یونیورسٹی کے ملازمین نے غیر تدریسی جگہوں سے مسلسل دوسرے دن بھی کام بند رکھا اور یونیورسٹی کیمپس میں دھرنے پر بیٹھ گئے۔ان ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی اور کہا کہ ان کے تمام مطالبات حقیقی ہیں اور ان کو حل کرنے کی کوشش کی جائے۔ملازمین نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت ان کے کئی مطالبات حل کر سکتی ہے جس کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ نے پہلے ہی کارروائی شروع کر دی ہے لیکن کچھ مطالبات خود یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے حل کئے جا سکتے ہیں جن کو جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ غیر تدریسی عملے کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
خواص میں رجسٹریشن کیمپ کا انعقاد
راجوری //مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دہ سکیموں کا فائدہ پہنچانے کیلئے راجوری ضلع کے دور افتادہ علاقہ خواص میں ایک رجسٹریشن کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔سی ایس سی اور فوج کی جانب سے قائم کردہ مشترکہ کیمپ کے دوران مستحقین کی رجسٹریشن عمل میں لائی گئی ۔خواس راجوری کے پسماندہ اور دور افتادہ گاؤں میں سے ایک ہے جہاں پر ہزاروں کی آبادی رہائش پذیر ہے تاہم ان میں سے زیادہ کا تعلق بی پی ایل زمرے سے ہے ۔اس رجسٹر یشن کیمپ میں سینکڑوں مکینوں نے شرکت کی جہاں پر ؎آیوشمان بھارت اور ای شرم کے تحت اندراج عمل میں لایا گیا ۔لوگوں کو ای شرم اسکیم اور آیوسمان بھارت ابھیان میں شامل کیا گیا تھا جس کا مقصد عوام کی سماجی ترقی اور انہیں ضروری ای خدمات فراہم کرنا تھا۔
ایس ڈی ایم سرنکوٹ نے قصبہ کا معائینہ کیا
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// ڈپٹی کمشنر پونچھ اندرجیت سنگھ کی ہدایت پر ایس ڈی ایم سرنکوٹ نعیم النساء بھٹی نے سرنکوٹ قصبہ کا دورہ کر کے صورتحال کا معائینہ کیا ۔اس دوران آفیسر موصوف کے ہمراہ نائب تحصیلدار سرنکوٹ ،میونسپل کمیٹی کے اراکین اور محکمہ فوڈ سپلائی کے آفیسران بھی موجود تھے ۔اس دوران دکانداروں کی جانب سے فروخت کئے جارہے ساز و سامان کا معائینہ کر کے قاعدہ کیخلاف خرید و فروخت میں ملوث دکانداوں کیخلاف کارروائی بھی عمل میں لائی گئی ۔آفیسران نے گوشت ،سبزیاں ،مٹھائیاں اور پھلوں کیساتھ ساتھ دیگر ساز و سامان کا معائینہ کیا جبکہ غیر معیاری ساز و سامان فروخت کرنے والوں پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔آفیسر موصوف نے دکانداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ صارفین کیلئے معیاری سا ز وسامان دستیاب رکھا جائے ۔انہوں نے محکمہ فوڈ سپلائی کے اعلیٰ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ قاعدہ کیخلاف کام کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
پونچھ میں 2پٹواری اٹیچ ،3 کا تبادلہ
پونچھ //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے تحت محکمہ مال کے تین پٹواریوں کے تبادلے کے علاوہ دو دیگر کو منسلک کردیاگیا ہے۔اس حکم کے مطابق تحصیل مینڈھر کے پٹواری حلقہ گوہلد کے پٹواری محمد عزیز اور حلقہ سموٹ کے پٹواری ایاز حسین شاہ ڈپٹی کمشنر پونچھ کے دفتر سے منسلک کردیا گیا ہے ۔ جن تین پٹواریوں کا تبادلہ کیا گیا ہے ان میں ہارون رشید ماگرے جو کہ ایڈجسٹمنٹ کے منتظر تھے، کو تبدیل کرکے پٹوار حلقہ سموٹ میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ ایڈجسٹمنٹ کے منتظر پٹواری محمد اکرم کا تبادلہ کرکے مینڈھر کے پٹوار حلقہ گوہلد تعینات کیا گیا ہے۔اسی طرح پٹواری صوبیہ راشد کی خدمات سب ڈویڑنل مجسٹریٹ سرنکوٹ کے اختیار میں رکھی گئی ہیں۔
منگلناڑ میں پانی سپلائی بند ،عوام پریشان
پرویز خان
منجا کوٹ // تحصیل منجا کوٹ کے سرحدی گائوں منگلناڑ میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ کی لاپرواہی سے پریشان ہو کر اب وہ میلوں پیدل سفر کر کے پینے کیلئے صاف پانی لانے پر مجبور ہیں جبکہ محکمہ سے رجوع کرنے کے بعد بھی وہ خالی ہاتھ لوٹتے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین اور آفیسران علاقہ میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں جبکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں ہورہی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ منگلناڑ گائوں میں پانی کی فراہمی کیلئے محکمہ جل شکتی کے ملازمین کو متحرک کیا جائے جبکہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
شعبہ سماجی بہبود کا منجا کوٹ میں بیداری پروگرام
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ میں محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس بیداری پروگرام میں محکمہ کے آفیسران اور ملازمین کیساتھ ساتھ آنگن واڑی ورکروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔محکمہ کے آفیسران نے آنگن واڑی ورکروں کو گولڈن کارڈوں کیساتھ ساتھ ای شرم کارڈوں کے سلسلہ میں مکمل جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل کے ہرایک گائوں و پنچایتوں میں لوگوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے فراہم کی جارہی سہولیات اور شروع کر دہ سکیموں کے سلسلہ میںمکمل جانکاری فراہم کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مذکورہ سکیموں کا فائدہ حاصل کر سکیں ۔
کیول میں محکمہ پشو پالن کا بیداری کیمپ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //محکمہ پشو پالن کی جانب سے کوٹرنکہ کی پنچایت کیول میں ایک بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران کیساتھ ساتھ متعلقہ محکمہ کے آفیسران نے شرکت کی ۔اس بیداری کیمپ کے دوران مقررین نے حکومت کی جانب سے مذکورہ شعبہ کے زیر تحت شروع کردہ مختلف سکیموں کے سلسلہ میں مقامی لوگوں کو تفصیلی جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان سکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔اس بیداری کیمپ میں اے ڈی سی کوٹرنکہ ،چیف اینمل ہسبنڈری آفیسر ،شپ ہسبنڈی آفیسر راجوری ،ڈائر یکٹر سنٹرل اینمل ہسبنڈری ودیگر آفیسران موجود تھے جنہوں نے مختلف امور پر تفصیلی تبالے خیال کیا ۔اس کیمپ کے دوران کے سی سی قرض کی منظوری کیلئے لیٹر تقسیم کئے گئے ۔
پنچایت اپر کنڈی میں بجلی کا نظام مفلوج
ترسیلی لائنیں صارفین کیلئے مصیبت کا باعث بن گئی
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی دیگر پنچایتوں کیساتھ ساتھ پنچایت اپر کنڈی میں بجلی نظام مکمل مفلوج ہو کر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔پنچایت میں بجلی کی ترسیلی لائنیں سبز درختوں کیساتھ ساتھ لکڑی کے کھمبوں کیساتھ باندھی گئی ہیں جبکہ بارشوں و تیز ہوا کے دوران مذکورہ نظام مفلوج ہو کر رہ جاتا ہے ۔صارفین نے محکمہ کے آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پسماندہ دیہات میں بجلی کی سپلائی کو بہتر کرنے کیلئے گزشتہ کئی برسوں سے کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ ملازمین و آفیسران سے رجوع کیا جاچکا ہے لیکن اس کے باوجود بھی پختہ کھمبوں کی جگہ سبز درختوں اور لکڑی کے کھمبوں کو استعمال کیا جارہا ہے ۔مشتاق احمد نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ لوگ بجلی کا ماہانہ بل مسلسل ادا کررہے ہیں جبکہ محکمہ کی جانب سے ان کو معیاری خدمت فراہم ہی نہیں کی جارہی ہیں ۔صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت میں بجلی نظام کو جلدازجلد بہتر بنایا جائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
تکیہ پنچایت میں سڑک کی تعمیر شروع کی گئی
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں محکمہ دیہی ترقیات کی جانب سے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ پنچایت تکیہ شریف بلاک ننگالی صاحب سائیں بابا میں کیپکس سکیم کے تحت سڑک چونترا تا کلسی سڑک کا تعمیراتی کام شروع کیا گیا جس کی رسم افتتاح ڈی ڈی سی ممبر چوہدری عبدالغنی نے انجام دی۔اس موقعہ پر نائب سرپنچ عبدالقیوم، سرپنچ نونا بانڈی، ضلع سیکر یٹری کانگرس گلزار جٹ ،محکمہ دیہی ترقیات کے انجینئر محمد طارف انجم،محمد افضل خان، سیکرٹری مجاز حسین شاہ اور کافی تعداد میں معززین علاقہ موجود تھے۔ مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڑک نہ ہونے کے سبب مقامی لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ تاہم انتظامیہ کی جانب سے اب سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کافی راحت ملے گی۔ انہوں کہاعالمی وبا کورونا وائرس جیسی مہلک بیماری کی وجہ سے جہاں ملک کیساتھ ساتھ جموں کشمیر میں بھی تعمیراتی سرگرمیوں پر اثر پڑا تھاتاہم اب صورتحال بہتر ہونے کے ساتھ ہی جموں کشمیر خاص کر ضلع پونچھ میں بھی تعمیراتی کام شروع ہو چکے ہیں۔ مقامی لوگوں نے ایل جی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور بلاک ڈیو لپمنٹ افسر ننگالی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی تعمیر سے انہیں آنے جانے میں خاص کر ان کے علاقے تک ٹرانسپورٹ پہنچانے میں اسانی ہو گی جو ان کے لئے باعث مسرت بات ہے۔
ضلع ترقیاتی کمشنرنے کی زیر صدرات اجلاس | سکل ڈیولپمنٹ شعبہ کی کار کردگی کا جائزہ لیا گیا
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے ڈی سی آفس پونچھ کے کانفرنس ہال میں سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے چلائی جانے والی مختلف سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے ضلع سکل کمیٹی کی میٹنگ منعقد کی جس میں متعلقہ محکموں کی جانب سے جاری ہنر مندی کی ترقی کی سرگرمیوں اور پروگراموں کے بارے میں تفصیلات پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو متنوع تجارت کے ہنر سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور پروگرام کی وسیع تشہیر کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ سکیموں کا فوکس ضلع میں ایک مضبوط اسکل ایکو سسٹم کی تشکیل کو یقینی بنانا ہے جس سے نوجوانوں کو اپنے اضلاع میں ہنر مندی کے زیادہ سے زیادہ مواقع مل سکیں گے۔ انھوں نے افسران سے یہ بھی کہا کہ طلباء کی صحیح تربیت کریں تاکہ وہ استفادہ حاصل کر کے روزی روٹی کما سکیں۔ اجلاس میں داخلوں کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کیلئے ڈی سی نے متعلقہ افسران کو تمام اہل امیدواروں کیلئے مختلف سرکاری سکیموں کو نافذ کرنے کی ہدایت کی اور سو فیصد داخلہ ہدف پر بھی زور دیا۔ انھوں نے ہنڈی کرافٹ، ایل ڈی ایم، اے ڈی ہینڈلوم اور کے وی آئی بی کے علاوہ مختلف سکیموں میں ہنر مند امیدواروں کو متحرک کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پر عمل درآمد کرنے کی بھی ہدایت دی جس میں ہر گاؤں میں خود روزگار سکیموںکیلئے 10 نوجوانوں کی نشاندہی کی گئی۔ ڈی سی نے متعلقہ افسر سے کہا کہ سکالرشپ میں زیادہ سے زیادہ امیدواروں کا اندراج کیا جائے اور کسی بھی اہل امیدوار کو چھوڑا نہ جائے۔ انہوں نے اسکل ڈیولپمنٹ اداروں میں صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا، اس کے علاوہ کووڈ پروٹوکول کی پابندی پر سختی سے پابندی کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ میٹنگ میں پرنسپل پولی ٹیکنیک کالج پونچھ وویک شرما، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر شکیل احمد، سپرنٹنڈنٹ آئی ٹی آئی پونچھ طلعت محمود، سپرنٹنڈنٹ آئی ٹی آئی مینڈھر جاوید احمد، سپرنٹنڈنٹ آئی ٹی آئی سرنکوٹ اجول مہاجن، ڈسٹرکٹ آفیسر کے وی آئی بی،پونچھ، اے ڈی دستکاری اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
جموں یونیورسٹی کے امتحانی نظام کو درست کرنے کی مانگ
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے نوجوانوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جموں یونیورسٹی کے امتحانی نظام کو درست کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔طلباء نے بتایا کہ جہاں کرونا وائرس صورتحال میں جموں یونیورسٹی انڈر گریجویٹ کورسز کے طلباء کے امتحانات لینے میں ناکام رہی جس سے طلباء کا ایک قیمتی سال ضائع ہو گیا جس کے بعد طلباء کو احتجاج کرنے پڑے جس کے بعد جا کر یونیورسٹی نے مختلف طریقوں سے طلباء کو ماس پروموشن دی جس کا فائدہ سبھی طلباء کو نہ مل سکا۔ آِخر کار طلباء کا قیمتی وقت ضائع کر کے 2021 کے شروعاتی مہینوں میں یونیورسٹی نے کئی سمسٹر کے آفلائن اپن بْک امتحانات لئے جس کے نتائج یونیورسٹی کو فوری طور نکالنے تھے تاکہ طلباء 2021-22 کے سیشن میں دوسری یونیورسٹیز میں داخلہ لے کر اپنے ایک اور قیمتی سال کو بچا پاتے تاہم یونیورسٹی نے ایسا نہ کر کے ان نتائج کو بھی لمبا کھینچ لیا جس وجہ سے نتائج کا انتظار کر رہے طلباء دوسری یونیورسٹیوں میں داخلہ لے کر اپنا قیمتی سال نہیں بچا پائے اور آخرکار چھٹے اور کچھ دوسرے سمسٹر کے نتائج یونیورسٹی نے ابھی نکالے اور پوسٹ گریجویشن کے فارم نکال لئے جہاں پر صرف ان طلباء کو فارم بھرنے کا موقع دیا جا رہا ہے ۔نوجوان سیاسی رہنما، سنی تحریک کونسل کے سرپرست محمد عرفان بھٹی نے بتایا کہ جموں یونیورسٹی منتظمین کی لاپرواہی کی وجہ سے طلباء کا مستقبل خراب ہوتا جارہا ہے ۔تمام طلباء نے لیفٹیننٹ گورنرسے التجا کی کہ جموں یونیورسٹی کے کام کاج کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔
تعلیمی ادارے بند ،بچوں کا شدید نقصان | والدین فکر مند، سکولوں کو جلد کھولنے کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ//کورونا وباء نے اسکولی بچوں کو آن لائن کلاسز کی جانب راغب کیا مگر آن لائن کلاسز سکول کی پڑھائی کا قطعی متبادل نہیں ہیں۔ خاص طور پر محروم طبقوں کے بچوں کو اس سے کافی پریشانی ہوتی ہے،دیکھا گیا ہے کہ آن لائن تعلیم کا بہتر نتیجہ تبھی مل پاتا ہے جب سرپرست بھی بچوں کو اضافی وقت دے کر پڑھاتے ہیں۔ اس کے علاوہ لسانی تعلیم اور جسمانی، ذہنی و جذباتی نشوونماکیلئے بچوں کے درمیان آپسی بات چیت کافی اہم سمجھی جاتی ہے جوسکولوں میں ہی ممکن ہے بچوں کے والدین نے ایک اجلاس کے دوران کہا کہ سرکاری اور غیر سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں لیکن عرصہ دراز سے ان کے اسکول بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ وبا سے پہلے بھی اپنے یہاں اسکولوں میں پڑھائی کا پیمانہ کوئی بہت اچھا نہیں تھا، آن لائن تعلیم نے تو ان خامیوں کو مزید سیاہ بنادیا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ سیاحت اور معاشی سرگرمیوں اور دیگر تمام شعبوں پر تو توجہ دی جا رہی ہے، لیکن تعلیمی سرگرمیوں اور اسکولوں کو کھولنے پر کوئی توجہ نہ دی جارہی ہے۔انہوں نے تشویش کس اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں کو نہ کھولنے کے پیچھے کچھ ایسے خدشات ہیں جو بیجا معلوم ہوتے ہیں جیسے کووڈ-19کی لہر خاص طور سے بچوں کو متاثر کرے گی۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ کوسکول کھولنے کیلئے ضروری قدم جلد سے جلد اٹھائے جائیں۔
ساتھرہ میں بھاجپاکارکنوں کا اجلاس
حسین محتشم
پونچھ//بھارتی جنتا پارٹی کارکنوں کی جانب سے پونچھ میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں بڑی سطح پر اقدامات اٹھا رہی ہے اس سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے بی جے پی کے جموں و کمشنر کے اقلیتی مورچہ کے کوآرڈی نیٹر گوردیپ سنگھ خالصہ کی قیادت میں ساتھرہ میں پارٹی لیڈران اور کارکنوں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس دوران مقامی لوگوں کی جانب سے کئی مسائل کو اجاگر کیا گیاجبکہ پارٹی کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گوردیپ سنگھ خالصہ نے پارٹی کی مضبوطی کیلئے کارکنان کو مزید متحرک ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے علاقہ کے لوگوں کو ہر سطح پر ہر قسم کی حمایت اور حوصلہ افزائی کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر پارٹی کے بنیادی مقاصد سے متعلق بھی لوگوں کو آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں بلاک صدر خالد اقبال، راوندر کمار بٹا، سنیل شرما، پرمجیت ورما، راجیش کمار اور شہزاد خان موجود تھے، جنہوں نے پارٹی کو ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔