مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں گاڑیاں کے بھاری رش اور گاڑیوں کی پارکنگ کے غیر معیاری نظام کی وجہ سے روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں مسافر اور عام راہگیر کئی گھنٹوں تک جام جیسی صورتحال میں دربدر رہتے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مینڈھر بس سٹینڈ پر جگہ کی شدید قلت اور اثر ورسوخ استعمال کر کے بڑی گاڑیوں میں قصبہ میں داخل کرنے کی وجہ سے جام جیسی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر قصبہ میں گاڑیاں کی پارکنگ کیلئے صر ف ایک بس سٹینڈ موجود ہے جہاں پر سب ڈویژن کے مختلف علاقوں سے آنے والی گاڑیوں کی مناسبت سے جگہ انتہائی کم ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے گاڑیوں کے قصبہ میں داخل ہونے کی زمرہ بندی کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی رابط کیا لیکن ابھی تک کوئی واضح نظام نہیں لایا جاسکا جس کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی متاثر ہورہی ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں گاڑیوں کے رش کو کم کرنے کیلئے بڑی گاڑیوں اور چھوٹی گاڑیوں کی آمد کیلئے وقت مقرر کیا جائے جبکہ قصبہ کے باہر ایک متبادل بس سٹینڈ کی تعمیر بھی عمل میں لائی جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات میں کمی لائی جاسکے ۔