اسلام آباد//یو این آئی// پاکستان کے وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے بدھ کو اسلام آباد۔تہران۔ استنبول کے مابین چلنے والی مال گاڑی کو ہری جھنڈی دکھائی اور کہا کہ یہ اس علاقہ کے لئے ایک گیم چینجر ثابت ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سروس کے شروع ہوجانے سے تینوں ممالک کے مابین کاروبار کو فروغ حاصل ہوگا۔ اس موقع پر وزیر ریلوے کے ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ترکی کے سفیر احسان مصطفی بھی موجود تھے ۔مسٹر مصطفی نے کہاکہ موجود ہ وقت میں علاقائی رابطہ بہت اہم ہے ۔ انہوں نے اس ٹرین سروس کے شروع ہونے کو کافی اہم قدم قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں اگر اس سروس کی یوروپ تک توسیع کی جاتی ہے تو تجارت کے شعبہ میں اضافہ میں ہوگا۔وزیر ریلوے نے کہاکہ مستقبل قریب میں پاکستان ان ممالک کے مابین مسافر ٹرین کے آپریشن پر غور کررہا ہے ۔