سری نگر// کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے پیر کو گلمرگ میں سنو سکینگ کورس کے لیے 20 طلبا کے دستے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ دستے میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے کالجوں کے طلباء شامل ہیں۔دو ہفتے کے کورس کا اہتمام یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس (DPES) نے کیا ہے۔وائس چانسلر نے تقریب میں طلباء سے بات چیت کی اور ان پر زور دیا کہ وہ سنو سکینگ کے لیے مطلوبہ مہارتوں کے بارے میں جاننے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں۔ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر فاروق مسعودی اور رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر، جو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے، نے طلباء کے لیے انڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد پر ڈی پی ای ایس کی تعریف کی۔ڈائریکٹر ڈی پی ای ایس پروفیسر شوکت احمد شاہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور سکینگ کورس کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈی پی ای ایس ندیم احمد ڈار اور ڈائریکٹوریٹ کے دیگر افسران موجود تھے۔ڈاکٹر سرجیت سنگھ، اسسٹنٹ پروفیسر مینیجر کے طور پر دستے کے ساتھ ہیں۔