ڈیوٹی سے غیر حاضری2اساتذہ معطل
نیوز ڈیسک
کوٹرنکہ //زونل ایجوکیشن افسرخواس عبدالرشید چوہدری نے کئی سکولوں کا اچانک معائنہ کیا جس دوران دو اساتذہ کوڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کی پاداش میں معطل کردیاگیا۔موصوف نے مڈل سکول پنجنارہ ،پرائمری سکول باتھ ،پرائمری سکول درمن کا دورہ کیا جس دوران درمن سکول دس بج کر پچیس منٹ پر مقفل پایاگیاجس پر انہوںنے سکول کے دو اساتذہ چین سنگھ اور مس شمیلا کو معطل کرنے کے احکامات صادر کئے ۔ انہوںنے اساتذہ کو تنبیہ دیتے ہوئے کہاکہ ڈیوٹی کے تئیں لاپرواہی قطعی طورپر برداشت نہیں کی جائے گی ۔
این سی یوتھ کا خطہ پیر پنچال کو نظرانداز کرنیکا الزام
پونچھ //نیشنل کانفرنس یوتھ نے اساتذہ کی تقرریوں کیلئے جاری ہوئے اشتہار میں خطہ پیر پنچال کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیاہے ۔یہاں جاری بیان میںاین سی یوتھ نے کہاکہ راجوری ضلع کیلئے چند اسامیوں کی تعیناتی ہوگی جبکہ پونچھ ضلع کو توسرے سے ہی خارج کردیاگیاہے جس سے حکومت کی اس خطے کے تئیں بے رخی ظاہر ہوتی ہے ۔بیان میں این سی یوتھ کے صوبائی صدر اعجاز جان نے کہاکہ یہ اشتہار تعلیم یافتہ نوجوانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ۔انہوںنے کہاکہ راجوری کیلئے ایک درجن پوسٹیں اور پونچھ کو بالکل ہی نظرانداز کرنا یہ ظاہر کرتاہے کہ حکومت کس طرح اس خطے کے نوجوانوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پچھلے تین ماہ سے زائد عرصہ سے راجوری پونچھ کے نوجوان شدت سے اس بات کا انتظار کررہے تھے کہ محکمہ تعلیم میں خالی پڑی اسامیوںکو پُر کیاجائے گا اور انہیں بھی ملازمت کے مواقع ملیںگے لیکن بھرتی ایجنسی سروسز سلیکشن بورڈ کی طرف سے جاری ہوئے اشتہار میں تو دونوں اضلاع کو نظرانداز کردیاگیاہے جو حیران کن بات ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس اشتہار سے نوجوانوں میں مایوسی پائی جارہی ہے اورحکومت نے ان کے ساتھ دھوکہ کیاہے ۔ اعجاز جان نے حکومت پر زور دیاکہ وہ اس اشتہار پر نظرثانی کرے اور پونچھ راجوری کیلئے بھی مناسب اسامیوں کا اعلان کیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت اس بات کا جواب دے کہ اس نے کیوں راجوری پونچھ اضلاع کو ہی نظرانداز کیاہے ۔
یوتھ کانگریس راجوری نے پارٹی کایوم تاسیس منایا
راجوری//ڈاک بنگلہ راجوری میںکانگریس کے 133ویں یوم تاسیس کومنانے کے سلسلے میں یوتھ کانگریس کی جانب سے ایک تقریب کااہتمام کیاگیا۔اس دوران تقریب میں یوتھ کانگریس کے ضلع صدرراجوری حسن مرزا، ریاستی سیکریٹری ظہیرعباس ،امت سیال ،یوتھ لیڈر ریحان ملک، سونوٹھکر، سونومرزا، شارق گنائی ودیگرلیڈران نے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ملک کی ترقی میں رول کواُجاگرکیا۔اس موقعہ پربولتے ہوئے ضلع صدریوتھ کانگریس حسن مرزانے کہاکہ کانگریس نے ملک کوآزادی دلانے میں ناقابل فراموش رول اداکیا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی تاریخ کانگریس کاذکرکیے بغیرممکن نہیں۔انہوں نے کہاکہ کانگریس ایک سیکولراورملک کی ترقی کیلئے انتھک کام کرنے والی جماعت ہے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کومضبو ط کریں۔انہوں نے کہاکہ نوجوان ملک کوترقی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے کانگریس کے پلیٹ فارم سے کام کرنے کیلئے آگے آئیں۔یوتھ کانگریس لیڈران نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ زمینی سطح پرکانگریس کومضبوط کرنے کیلئے کام کریں ۔
محکمہ سماجی بہبود کے زیر اہتمام تربیتی پروگرام
حسین محتشم
پونچھ، //محکمہ سماجی بہبود کے زیر اہتمام منڈی میںچھ روزہ تربیتی پروگرام شروع کیاگیاہے جس کا مقصد بچوں کی ابتدائی دیکھ بھال اور ان کی تربیت کے بارے میں خواتین خاص طور پر آنگن واڑی کارکنان کو جانکاری فراہم کرناہے ۔ اس پروگرام میں اے ڈی ڈی سی پونچھ عبدالحمید شیخ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے جنہوں نے اس چھ روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز کیا۔محکمہ کی سی ڈی پی او جہاں آرا نے بتایا کہ یہ چھ روزہ تربیتی پروگرام ECCE پروگرام کے تحت ہورہاہے جس کا مقصد آنگن واڑی ورکروں کو معصوم بچوں کی تعلیم و تربیت پر مفید جانکاری فراہم کرناہے ۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام ستمبر 2013 میں شروع کیا گیا تھا۔ اپنے خطاب میں عبدالحمید شیخ نے کہا کہ یہ سکیم بچوں کی نشوونما میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ امید کرتے ہیں کہ اس تربیتی پروگرام میں شامل تمام ورکر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔
دبڑ کو سیری سے نہ جوڑنے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے دبڑ گائوں کے لوگوں نے مانگ کی ہے کہ انہیں نئی تشکیل دی جارہی سیری تحصیل کے ساتھ جوڑنے کی سازش نہ کی جائے ۔ اس سلسلے میں مقامی لوگوں کا ایک اجلاس منعقد ہواجس سے خطاب کرتے ہوئے کمل چوہدری نے کہاکہ انہیں سیری تحصیل کے ساتھ جوڑنے کی سازش کی جارہی ہے جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ دبڑو پوٹھہ کے عوام نوشہرہ تحصیل کے ساتھ ہی رہناچاہتے ہیں اور ان دونوں دیہاتوںکو اگر حکام نے کسی سرپنچ یا پھر سیاسی لیڈر کی شے پر سیری کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوںگے ۔ انہوںنے کہاکہ دونوں دیہاتوں کے لوگ گزشتہ ستر سال سے نوشہرہ کے ساتھ ہیں اور اسی کے ساتھ رہیںگے ۔ انہوںنے سرکار و انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دبڑ و پوٹھہ کو نوشہرہ تحصیل کے ساتھ ہی رکھاجائے ۔اس موقعہ پر سوہن لعل ، اوم پرکاش ، رومیش چندر ، پون کمار ، برج لعل ، سریش کمار وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
باجی مظفر کی حمایت میں احتجاج
حسین محتشم
پونچھ// صوفیہ اکرام ٹرسٹ پونچھ کی جانب سے فوارہ گارڈن پونچھ میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔اس موقعہ پر مظاہرین نے کہاکہ کالاکوٹ کے باجی سید مظفر حسین شاہ اور ان کی اہلیہ محترمہ کی تصویر کوفیس بک پر اپ لوڈ کر کے سوشل میڈیا پر انکی بے حرمتی کی گئی اوراس طرح کی حرکت کرنے والے شر پسندوں کو بے نقاب کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔اس موقعہ پر سید فاروق حسین پٹھانہ تیر ، ٹرسٹ کے سیکریٹری ماسٹر جاوید اقبال بڈھانہ پٹھانہ تیر اوردیگران نے کہاکہ یہ ایک ناپاک سازش ہے جو روحانی پیشوائوں کو بدنام کرنے کے لئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں جس سے مسلمانوں کو ہوشیار رہنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ باجی صاحب کی ذات کو ملک کا ہرشہری اچھی طرح جانتاہے۔وہیںآل انڈیاسنی یوتھ ونگ پونچھ کے صوبائی صدر اعجاز احمد مدنی نے کہا کہ اگر ان شر پسند عناصر پر قانونی شکنجہ نہ کسا گیا تو عوام کا شدید رد عمل ہوگا ۔انہوں نے مسلمانون کو صبر و تحمل کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا پر پیروں فقیروں کے جھوٹے قصے عوام تک پہنچا کران کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے جو ہر گز کامیاب نہ ہو سکے گی۔
شہزاد خان کا اظہار تعزیت
راجوری //تھنہ منڈی کے سیاسی و سماجی کارکن حاجی محمد اعظم پٹھان کی وفات پر پی ڈی پی کے ریاستی سیکریٹری و نوجوان لیڈر شہزاد احمد خان نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی ظاہر کی ہے ۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں شہزاد خان نے کہاکہ حاجی اعظم پٹھان سماجی و سیاسی ورکر تھے جن کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔انہوںنے کہاکہ وہ مقامی سطح پرقدر آور شخصیت تھے جن کی موت سے کافی نقصان ہوا ہے جسے پور انہیں کیاجاسکتا۔ انہوںنے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہیں ۔
سرنکوٹ میں بھاجپا کا اجلاس منعقد
بختیار حسین
سرنکوٹ//ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا بوتھ لیول سمیلن منعقد ہوا جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر وایم ایل سی پردیپ شرما مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ پردیپ شرما نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو بوتھ لیول پر مضبوط کرنا ہے اور آنے والے پنچایت الیکشن میں بڑہ چڑھ کر حصہ لینا ہے تاکہ پارٹی فتح سے ہمکنار ہوسکے ۔موصوف نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیادہ سے زیادہ تعداد میں پنچ سر پنچ کامیاب کرائے جائیں۔اس پروگرام میں بی جے پی لیڈر ستیش شرما،بھارتیہ جنتا پارٹی کے مینارٹی مورچہ کے ضلع صدر ارشاداحمد بٹ،ضلع جنرل سیکرٹری اظہر منہاس،منڈل صدر سرنکوٹ حاجی آزاد خان اور منڈل صدر بفلیاز ذاکر ملک بھی موجو دتھے۔
۔33ٹرک آرپارہوئے
پونچھ //پونچھ حدمتارکہ پر چکاں داباغ سے 33مال بردار ٹرک آرپارہوئے ۔ذرائع نے بتایاکہ 25ٹرک پونچھ سے سامان لیکر پاکستانی زیر انتظام کشمیر روانہ ہوئے جبکہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی طرف سے 8مال بردار ٹرک پونچھ پہنچے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ حد متارکہ پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پائی جارہی ہے لیکن اس کے باوجود تجارت اور بس سروس جاری ہے ۔
شاعرہ اور مصنفہ بیگم جان انتقال کر گئیں
پونچھ//ضلع پونچھ کی معروف کشمیری شاعرہ اور محکمہ سماجی بہبود میں بحیثیت سپروائزر اپنی خدمات دینے کے بعد سبکدوش ہونے والی بیگم جان گزشتہ روز شام پانچ بجے 80سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ مرحومہ آخری عمر تک آل انڈیا ریڈیو پونچھ سے بھی منسلک رہیں جہاں سے اکثر ان کے پروگرام نشر کئے جاتے رہے۔ اس کے علاوہ مرحومہ خواتین کی جانب سے منعقد ہونے والی محافل و مجالس میں اپنا کلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ میر انس، مرزا دبیر کے کہے ہوئے مرثیے زبانی پیش کر تی تھیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ امامیہ پارک منڈی میں جمعرات کی شب ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میںلوگوں نے شرکت کی۔ بعد از آں ان کی جسد خاکی کو منڈی کے صدر مقام پر واقع آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحومہ کے انتقال پر مختلف سماجی و سیاسی تنظیموں نے تعزیت کا اظہار کیاہے ۔کاشر ادب پونچھ کی جانب سے ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت احتشام حسین بٹ نے کی ۔اس دوران مقررین نے کہا کہ مرحومہ منفرد شخصیت کی مالک تھیںاوران کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ مرحومہ کی زندگی محبت اہل بیت ؑ میں گزری اوروہ د عاگوہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت ہونے کی ہمت عطا ہو۔
سنئی کے طالبعلم کی 12ویں جماعت میں بہترین کارکردگی
سرنکوٹ //سرنکوٹ کے دورافتادہ علاقہ اپر سنئی سے تعلق رکھنے والے ایک طالبعلم نے بارہویں جماعت کے سائنس شعبے میں 75فیصد نمبرات حاصل کئے ہیں ۔ارباز علی کاظمی ولدامتیاز حسین شاہ ساکن اپر سنئی نے گورنمنٹ ہائراسکینڈری سکول لٹھونگ سے سائنس سٹریم میں 75فیصد نمبرات حاصل کرکے پورے سکول سے پہلا مقام حاصل کیاہے ۔ا ن کی کامیابی پر مقامی لوگ اور سکول اساتذہ و طلباء مبارکباد پیش کررہے ہیں۔