عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر//جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مرکزی زیر انتظام علاقے کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ملی ٹینسی کی حمایت اور مدد و اعانت فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانا اب ناگزیر بن گیا ہے۔‘
اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی سربراہی میں آج پولیس کنٹرول روم کشمیر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پولیس، فوج ، سی آر پی ایف ، بی ایس ایف ،سراغ رساں ایجنسیوں کے آفیسران اور صوبائی انتظامیہ سے وابستہ عہدیداروں نے شرکت کی۔
آئی جی کشمیر ودھی کمار بردی نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو پاور پوائنٹ پرزینٹیشن کے ذریعے کشمیر زون کی سیکورٹی صورتحال اور سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشن کے بارے میں بریف کیا۔
ایل جی منوج سنہا نے سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے ملک دشمن عناصر کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے آفیسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا:’ملی ٹینٹوں کی مدد اور حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کو مزید تیز تر کرنے کی ضرورت ہے۔ ‘
منوج سنہا نے سیکورٹی میٹنگ سے خطاب کے دوران کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں وکشمیر میں امن و امان واپس لوٹ آیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سیکورٹی ایجنسیاں جموں وکشمیر کو ملی ٹینسی سے پاک کرنے کی خاطر اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہیں اور مجھے آفیسران پر پورا بھروسہ ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا :’ملی ٹینسی کے خلاف 360ڈگری اپروچ اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ نئے کشمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔ ‘
لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس حکام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ملی ٹینسی اور نارکو ٹیرر مقدمات میں جائیداد وں کو قرق کرنے کی پالیسی پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ وادی کشمیر میں سرگرم غیر ملکی ملی ٹینٹوں کی شناخت کرکے انہیں بے اثر کرنے کی خاطر نتیجہ خیز حکمت عملی وضع کی جانی چاہئے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔
انہوں نے اس موقع پر کہاکہ ملی ٹینسی کے ماحولیاتی نیٹ ورک کو پوری طرح سے ختم کرنے کی خاطر سخت نوعیت کے اقدامات اٹھائے جانے چاہئے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہاملی ٹینسی سے نمٹنے کے دوران زیرو ٹرولنس کی پالیسی پر عملدآمد ناگزیر ہے ۔‘
انہوں نے کہاکہ موجودہ سرکار نے ملی ٹینسی کے ماحولیاتی نیٹ ورک کو ختم کرنے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیوں کو مکمل آزادی دی ہے۔
میٹنگ کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے من گھڑت معلومات اور پروپگنڈے کے چیلنجوں سے نمٹنے پر بھی سینئر آفیسران کے ساتھ تبادلہ خیا ل کیا اور ہدایت دی کہ افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
ان کے مطابق سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والوں،من گھڑت معلومات اور ملک کے خلاف مہم چلانے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس موقع پر کہاکہ ہمیں بنیاد پرستی اور انتہا پسندانہ خیالات کا جاریحانہ انداز میں مقابلہ کرنا چاہئے اور یہ کہ اس ضمن میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جانے چاہئے۔
ایل جی نے پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھانے کی بھی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ عوام اور پولیس کے درمیان تعلقات کو استوار کرنے کی خاطر عام شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔
ملی ٹینسی کے خلاف 360 ڈگری اپروج ناگزیر،انسداد ملی ٹینسی آپریشنز کو وسیع ترکیا جائے : منوج سنہا
