یو این آئی
ڈنڈوری// مدھیہ پردیش میں ضلع ڈنڈوری کے بڈجھر گاؤں کے نزدیک ایک پک اپ گاڑی الٹنے سے 14 لوگوں کی موت ہو گئی اور تقریباً 20 زخمی ہو گئے۔
پولس ذرائع کے مطابق شاہ پورہ تھانہ علاقہ کے بڈجھر گاؤں میں کل دیر رات پک اپ گاڑی کھائی میں الٹ گئی۔ جس کی وجہ سے زیادہ تر افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ زخمیوں کو شاہ پورہ اور ڈنڈوری کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نزدیکی گاؤں کے باشندے ایک خاندانی تقریب میں شرکت کے بعد پک اپ گاڑی میں واپس آ رہے تھے۔ راستے میں گھاٹ سیکشن میں دیر رات ان کی گاڑی بے قابو ہوگئی اورالٹ گئی۔ حادثہ انتہائی خوفناک تھا اور گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ اس میں تقریباً 34 افراد سوار تھے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے مدھیہ پردیش کے ضلع ڈنڈوری میں ہوئے خوفناک سڑک حادثے کے متاثرین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ ریاستی حکومت کی نگرانی میں مقامی انتظامیہ ہر ممکن کوشش میں مصروف ہے۔
مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پوسٹ میں کہا”مدھیہ پردیش کے ڈنڈوری میں سڑک حادثہ انتہائی افسوسناک ہے۔ میری تعزیت سوگوار خاندان کے ساتھ ہے۔ ایشوران کو اس مشکل وقت میں ہمت دے۔ اس کے ساتھ میں تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ ریاستی حکومت کی نگرانی میں مقامی انتظامیہ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے میں مصروف ہے“۔