عظمیٰ نیوز سروس
جموں//حکومت نے کل ایوان کو مطلع کیا کہ جموں و کشمیر بھر میں پی ایم اے وائی ۔ جی کے تحت 506 کنبوں کو 5 مرلہ زمین مختص کی ہے جبکہ 435 ایسے دیگر معاملات محکمہ مال کے زیر غور ہیں ۔وزیر برائے محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج نے یہ بات ایم وائی تاریگامی کی طرف سے اُٹھائے گئے سوال کے جواب میں کہی ۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ حکومت نے جموں و کشمیر یو ٹی میں پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت بے زمین اور بے گھر کنبوں کی تشخیص اور سروے کیلئے ضروری اَقدامات کئے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ایم اے وائی گرامین مرحلہ اوّل کے تحت ایک جامع سروے کیا گیا ہے تا کہ پرماننٹ وویٹنگ لسٹ ( پی ڈبلیو ایل ) سے بے زمین اور بے گھر کنبوں کی نشاندہی کی جائے ۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ مستحقین کی فہرست بشمول ضلع کولگام کو حتمی شکل دی گئی ہے اور سکیم کے رہنما خطوط کے مطابق مناسب تصدیق کے بعد مستحق مستفیدین کو زمین مختص کی گئی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ایم اے وائی ۔ جی کے اصولوں کے مطابق مستحق مستفیدین کو 5 مرلہ زمین مختص کی جاتی ہے اور انہیں منظوری کی تاریخ سے ایک سال کے اندر اَپنے گھروں کی تعمیر مکمل کرنی ہوتی ہے ۔وزیر نے شہری علاقوں کے حوالے سے بتایا کہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے پی ایم اے وائی ۔ اربن 2.0 کے تحت جموں و کشمیر بھر میں بے زمین اور بے گھر کنبوں کی تشخیص /سروے کیا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آواس سافٹ پورٹل پر دستیاب پرماننت ویٹنگ لسٹ سے نشاندہی شدہ مستفیدین کو متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کے پاس ضروری تصدیق کیلئے بھیجا گیا ہے۔