عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// 3جولائی سے جاری سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں ابتدائی 5روزمیںایک لاکھ سے زیادہ یاتریوںنے سطح سمندر سے 3888میٹر بلندی پرواقع امرناتھ گھپا میں شیولنگم کے درشن کئے۔ منگل کے روزیاتری نواس بھگوتی نگر جموں سے روانہ ہونے والے چھٹے قافلے میں 8815 یاتری ننون پہلگام اور بالتل میں قائم بیس کیمپوں میں پہنچ گئے ۔یہ تعداد اب تک کا ریکارڈ ہے۔ یاترا کے پہلے دن 12ہزار سے زیادہ یاتریوں نے گھپا میں حاضری دی ۔ اسکے بعد روزانہ اوسطاً20ہزار یاتری ننون اور بال تل سے روانہ ہونے کے بعد امرناتھ گھپا میں حاضری دیتے رہے۔ حکا م کے مطابق پہلے چاردنوںمیں86ہزار سے زیادہ عقیدت مندوں نے حاضری دی جبکہ منگل یعنی پانچویں روز مزید 15ہزار کے لگ بھگ یاتریوںنے شیولنگم کے درشن کئے۔
مجموعی طور پر پہلے 5 روز میں1,06,316 یاتریوں کی ریکارڈ تعداد واپس جاچکی ہے۔ادھر منگل کو جموں سے ریکارڈ 8815 یاتری363 گاڑیوں کے قافلے میں وسیع حفاظتی انتظامات کے تحت روانہ ہوئے۔ 181 گاڑیوں میں 3989یاتری بالتل ، جبکہ 182 گاڑیوں میں 4826 یاتری پہلگام کیلئے روانہ ہوئے۔حکا م نے بتایاکہ منگل کو جموں سے 363گاڑیوںمیں روانہ ہونے والے8815یاتریوںمیں5831 مرد، 2193 خواتین، 30 بچے، 598 سادھو، 131 سادھویاں، ایک بچہ سادھو اور 31 غیر ملکی مرد یاتری شامل ہیں۔اہلکار نے بتایا کہ قافلے میں172 بسیں، 58 درمیانی موٹر گاڑیاں، 130 ہلکی موٹر گاڑیاں اور 3دو پہیہ گاڑیاں شامل تھیں۔