جموں//امسال امرناتھ یاترا پر جانے کے خواہشمند شردھالوئوں کی تعداد 1.80 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے ۔ امرناتھ شرائن بورڈ کے ذرائع نے بتایا کہ 28جون سے شروع ہونے والی اس سالانہ یاترا پر جانے کے لئے ابھی تک 1.50لاکھ افراد نے رجسٹریشن کروا دی ہے ، ان میں سے 25000افراد نے گروپ رجسٹریشن کروائی ہے جب کہ 31افراد نے ایکس انڈیا پلگرم زمرہ میں نام درج کروایا ہے ۔ ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ اگر چہ ہیلی کاپٹر سے جانے والے یاتریوں کے حتمی اعداد و شمار ابھی جمع نہیں ہو پائے ہیں تاہم تخمیناً قریب 30ہزار شردھالوئوں نے بذریعہ ہیلی کاپٹر جانے کے لئے اندراج کروایا ہے اس طرح یاترا پر جانے کے لئے رجسٹرڈ یاتریوں کی مجموعی تعداد 1.80لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے ۔ حالانکہ پچھلے چند برس سے یاتریوں کی تعداد میں کمی درج کی گئی تھی لیکن امسال رجسٹریشن پوری شد و مد سے جاری ہے اور توقع کی جانی چاہئے کہ آنے والے دنوں میں مزید یاتری اپنا نام درج کروائیں گے۔ واضح رہے کہ یاترا پر جانے کے لئے یکم مارچ سے رجسٹریشن شروع ہوئی تھی جب کہ ہیلی کاپٹر پرجانے کے لئے آن لائن بکنگ 27اپریل سے شروع کی گئی ہے ۔ یاترا کا آغاز جیشٹھ پورنیما ،28جون کو ہوگا جب کہ 26اگست رکشا بندھن کو یاترا اختتام پذیر ہوگی۔ شری امرناتھ شرائن بورڈ نے ملک کی 32ریاستوں میں جموں کشمیر بنک، پنجاب نیشنل بنک اور یس بنک کی 440شاخوں میں رجسٹریشن کی سہولت میسر کی تھی ،جب کہ یاتریوں کی سہولت کے لئے 1364شارٹ کوڈ کے ساتھ ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے۔ جموں پہنچنے پر یاتریوں کو موقعہ پر ہی رجسٹریشن فراہم کی جائے گی جس کے لئے ویشنو ی دھام، سرسوتی دھام، جموں ہاٹ اور گیتا بھون رام مندر میں کائونٹر قائم کئے گئے ہیں۔