عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیری پنڈتوں کے لیے حکومت کی بحالی پالیسی پر عملدر آمدکے سرکاری دعوئوں اور زمینی حقائق کے درمیان واضح فرق سامنے آئی ہے۔ 2009 میں 1618.40 کروڑ روپے کے وزیر اعظم پیکیج،کے تحت کشمیری پنڈتون کی وادی واپسی کی پالیسی بنائی گئی۔”ایک دہائی سے زائد عرصے سے، یکے بعد دیگرے حکومتوں نے اس پیکیج کو بحالی کا ایک سنگ بنیاد قرار دیا ، پھر بھی آر ٹی آئی سے پتہ چلتا ہے کہ صرف تین خاندان ہی اس سکیم کے تحت واپس آئے ہیں۔ یہ صرف ناقص کارکردگی نہیں ہے بلکہ عمل درآمد کا ایک نظامی خاتمہ ہے،” ۔گانگریس کے سنجے سپرو کی آر ٹی آئی میں نشاندہی کی گئی ہے کہ اگرچہ ملازمت اور ٹرانزٹ رہائش جیسے کچھ جزوی پیشرفت دکھائی دئی ہے لیکن بامعنی بحالی میں سکیم ناکام رہی ہے۔فوری اصلاحی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے، انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ سکیم کا شفاف آڈٹ کرے، تاخیر کے لیے جوابدہی طے کرے، اور ایک قابل اعتبار، وقتی روڈ میپ تیار کرے جو اعتماد سازی، سلامتی اور پائیدار بحالی کو ترجیح دے۔سپرو نے زور دے کر کہا، “کشمیری پنڈتوں کی واپسی کو ایک علامتی بیانیہ تک کم نہیں کیا جا سکتا۔ یہ خلوص، سیاسی ارادے اور قابل پیمائش اقدام کا مطالبہ کرتا ہے، اس سے کم اس کمیونٹی کے لیے نقصان ہے جو کئی دہائیوں سے نقل مکانی کا شکار ہے،” ۔