جموں//چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کووڈ 19 وباء سے متاثرہ لوگوں کو راحت پہنچانے کیلئے انتظامیہ کو ہوشیار رہنے کی ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے اس وباء کو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کیلئے بھی افسران کو ہدایات دیں ۔ کووڈ وباء میں حالیہ اضافے کے مدِ نظر چیف سیکریٹری نے افسران پر زور دیا کہ وہ متعلقہ افراد کی تشخیص ، ٹیکہ لگانے ،محدود بندش والے علاقوں میں اس وباء کو روکنے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں ۔ چیف سیکریٹری نے متعلقہ ضلع انتظامیہ سے کہا کہ وہ متاثرہ علاقوں میں مریضوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ضروری ٹیکے لگانے کیلئے اقدامات اٹھائیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کوویڈ ٹیکے لگانے کے بنیادی مراحل کے تحت 75 فیصد ہیلتھ ورکر ، 78 فیصد فرنٹ لائین ورکر اور 45 سال کی عمر سے زیادہ 38 فیصد شہریوں کو ٹیکے لگائے گئے جن کی کل تعداد 15,25,604 ہے اور ان لوگوں میں کسی بھی قسم کی طبی شکایت درج نہیں کی گئی ۔ اس کے علاوہ میٹنگ میں بتایا گیا کہ 45 سال سے زیادہ کی عمر کے لوگوں کو بارہمولہ ، بڈگام ، گاندر بل ، شوپیاں ، جموں ، کٹھوعہ ، رام بن ، سانبہ اور اودھمپور اضلاع میں 40 فیصد ویکسی نیشن کووریج عمل میں لائی گئی ۔ اس کے علاوہ اگلے مرحلے کے تحت18 سے 45 سال کی عمر کے لگ بھگ 65 لاکھ لوگوں کو بھی ٹیکے لگانے کے دائرے میں لایا جائے گا ۔ چیف سیکریٹری نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی طرف سے چلائے جا رہے ویکسی نیشن مہم میں بھر پور حصہ لیں اور اپنے خاندان کے لوگوں کو اس وباء سے بچانے کیلئے رضا کارانہ طور پر حکومت کے ساتھ تعاون کریں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموں کشمیر میں آکسیجن کی ضروریات کے بڑھنے کے مدِ نظر 36 آکسیجن جنریشن پلانٹ قائم کئے جائیں گے ۔