جموں//جموں و کشمیر حکومت نے مرکزی زیر انتظام لداخ کے دفاتر،سول سیکریٹریٹ اور ڈائریکٹوریٹ میں عملے کی شدید قلت کو پورا کرنے کے لئے 19 محکموں کے 108 عہدیداروں کو دو سال کے لئے ڈیپوٹیشن پرتعینات کیا ہے۔ان عہدیداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئی پوسٹنگ کے لئے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) لداخ کو رپورٹ کریں۔عہدیداروں کو دو سال کی مدت کے لئے لداخ میں تعینات کیا گیا ہے۔قبل ازیں لداخ کے لیفٹنٹ گورنر کے مشیر امنگ نرولہ نے تحریری طور پر وزارت داخلہ اور حکومت جموں و کشمیر سے درخواست کی تھی کہ فوری طور پر 251فیلڈ آفیسران ، ڈائریکٹرز ، انڈرسیکریٹریز ، ایگزیکٹو انجینئرز فراہم کئے جائیں۔ لداخ کے مختلف محکموں میں منظور شدہ اسامیاں کی تعداد 682 ہے۔جموں وکشمیر حکومت کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا’’ہمیں محکموں سے 108 اہلکاروں کی فہرست موصول ہوئی تھی اور اسی کے مطابق ہم نے انہیں لداخ کے لئے ڈیپوٹ کردیاہے،ہم نے محکموں کو دوبارہ یاد دہانی کرائی ہے کہ اگلے دو دن کے اندر لداخ میں ضرورت کے مطابق انہیں فہرست فراہم کی جائے، ابھی کم از کم 143 مزید عہدیداروں کو لداخ تعینات کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔اس سے قبل محکمہ عمومی انتظامی(جی اے ڈی) نے مختلف محکموں کے سربراہوں کو یاددہانی جاری کی تھی تاکہ وہ اپنے متعلقہ دفاتر کے عہدیداروں کی ایک فہرست 16جولائی 2020 تک لداخ میں تعیناتی کیلئے بھیجیں۔اس یاد دہانی کی بنیاد پر 19 محکمہ جات کے ذریعہ 108 افسران و ملازمین کی فہرست فراہم کی گئی جس میں جی اے ڈی ، باغبانی ، قانون ، انصاف وپارلیمانی امور ، جل شکتی ، خزانہ ، پلاننگ ڈیولپمنٹ،ایکسائز و ٹیکسزیشن، دیہی ترقی اور پنچایتی راج ، زراعت ، صنعت وحرفت ،مکانات و شہری ترقی ، بجلی ، امور صارفین ، ٹرانسپورٹ ،ثقافت ، تعمیرات عامہ، اسکول ایجوکیشن اور سیاحت کے محکمہ جات شامل ہیں۔لداخ تعینات کئے گئے افسران میں مشن ڈائریکٹر روسا رویندر کمار بٹ،انچارج ڈائریکٹرپلاننگ محکمہ اینمل و شیپ ہسبنڈری گردھاری لال ، ڈائریکٹر پلاننگ اعلیٰ تعلیم جی ایم گنائی، ڈائریکٹر جنگلات و ماحولیات پرویز احمد ہنڈو، ڈائریکٹرپلاننگ صنعت وحرفت سید شبیر شفیع ، انچارج جوائنٹ ڈائریکٹرمحکمہ مال وید راج ، انچارج سی پی او ریاسی کمل کمار شرما، انچارج سی پی او راجوری شمعون احمد ، سٹیٹسکل افسر رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹی جموں وکشمیر سرینگر نذیر حسین و دیگران شامل ہیں۔اسی طرح محکمہ ایکسائز و ٹیکسزیشن سے 9، محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج سے7 انچارج بلاک ڈیولپمنٹ آفیسران اورمحکمہ خوراک، شہری رسدات و امورصارفین سے 24 ملازمین کو لداخ تعینات کیا گیا ہے۔صحت اور طبی تعلیم محکمہ سے 2 میڈیکل آفیسرز ڈاکٹر نرگس بانو اور ڈاکٹر اسٹین زن سونم، محکمہ باغبا نی سے 4 ،قانون وانصاف اور پارلیمانی امور سے 2 ، جل شکتی سے 1 انچارج ایگزیکٹو انجینئر سمیت 5 انجینئرز کو بھی لداخ بھیجاگیاہے۔