نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کورونا کی وباء دنیا کے سامنے گزشتہ سو سالوں کا سب سے بڑا چیلنج بن کر ابھرا ہے۔ تاہم سائنس دانوں نے صرف ایک ہی سال میں کوویڈ ٹسٹ کٹ، ادویات اور ویکسین تیار کرکے کروڑوں لوگوں کی زندگیاں بچالی ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’انسانیت کو اس آفت سے نجات دلانے کے لئے ایک سال میں ویکسین بنا کر لوگوں کو دے دینے کا اتنا عظیم کام تاریخ میں غالباً پہلی بار انجام دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم سی ایس آئی آر (کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ) سوسائٹی سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر اعظم مودی نے سی ایس آر سوسائٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سائنسدانوں نے ایک سال میں ہی ’میڈ ان انڈیا‘ ویکسین تیار کر کے اسے ملک کے عوام کو دستیاب کرا دی۔ ایک سال میں ہی کووڈ-19 ٹیسٹنگ کٹ اور ضروری آلات سے ملک کو خود مختار بنا دیا۔ اتنے کم وقت میں ہمارے سائنسدانوں نے نئی ادویات دریافت کیں اور آکسیجن کی پیداوار میں اضافہ کے لئے بھی راستے تلاش کئے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گزشتہ صدی کا تجربہ ہے کہ جب پہلے کوئی ایجاد دنیا کے دوسرے ممالک میں ہوتی تھی تو ہندوستان کو اس کے لئے کئی کئی سالوں کا انتظار کرنا پڑتا تھا لیکن آج ہمارے ملک کے سائنسدان دوسرے ممالک کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چل رہے ہیں اور تیز رفتار سے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان پائیدار ترقی اور کلین انرجی کے شعبہ میں دنیا کی رہنمائی کر رہا ہے۔ آج ہم سافٹ ویئر سے لے کر سٹیلائٹ تک کے معاملہ میں دوسرے ممالک کی ترقی کو بھی رفتار دے رہے ہیں۔ کورونا نے ہماری رفتار کو کچھ ماند ضرور کیا ہے لیکن ہمارا عزم ہے کہ ’آتم نربھر بھارت، سشکت بھارت‘ (خود انحصار ہندوستان، بااختیار ہندوستان)۔ ملک کی آزاری کے 50 سال مکمل ہونے والے ہیں، اس کو ملحوظ خاطر رکھ کر وقت کے پابند فریم ورک کے تحت ہمیں پیش قدمی کرنی ہے۔سی ایس آئی آر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ادارے نے ملک کو بہت سے ماہرین سے نوازا ہے اور بہت سے سائنسدان بھی دئے ہیں۔