عظمیٰ نیوز سروس
جموں//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ کا کہنا ہے کہ یوگا دنیا بھر میں محبت اور امید کی ایک علامت بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوگا کے دنیا بھر میں مقبول ہونے کا سہرا وزیر اعظم نریند مودی کے سر جاتا ہے۔
موصوف مرکزی وزیر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں بین الاقوامی یوگا دن پر منعقدہ ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ امسال یوگا کی تھیم ایک فیملی، ایک زمین اور ایک مستقبل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ متنوع تہذیبوں، زبانوں، لباس اور غذا کے باوجود ہوگا نے دنیا کو مجتمع کیا ہے اور یوگا محبت اور امید کی علامت بن کر سامنے آیا ہے’۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ صحت، ذہنی تندرستی اور جسمانی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے ایک ذریعہ کے طور پر طبی برادری نے یوگا کی کافی تائید کی ہے۔انہوں نے کہا: ‘یوگا ہماری صحت، ذہنی صلاحیتوں اور جسمانی صلاحیتوں کو بہتر بناتا ہے اور اپنی حقیقی صلاحیتوں کو سامنے لاتا ہے’۔شری امرناتھ جی یاترا کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ سرکار نے یاترا کے لئے مناسب تیاریاں کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی 62 دنوں پر محیط یہ یاترا اپنے آپ میں یہ پیغام ہے کہ سرکار اس کے انعقاد کے لئے پر اعتماد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یاتریوں میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے امسال بھاری تعداد میں یاتریوں کے آنے کی توقع ہے۔