جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون میںلیفٹیننٹ گورنر سیکرٹریٹ کے افسروں اور عملے کے ممبروں کے ساتھ انسداد دہشت گردی دن منایا ۔ اس موقعہ پر سپیشل سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے انسداد دہشت گردی کے عہد کو پڑھ کر سُنایا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کا سب سے بڑا دشمن ہے جس کی ہر سطح پرمخالفت ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کبھی بھی جواب نہیں ہو سکتا اور امن ہی خوشحالی اور ترقی کی راہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم انسانی جانوں اور اقدار کو خطرات میں ڈالنے والی قوتوں کو شکست دیں ۔ انہوں نے مزید ہا کہ آئیے ہم سب امن ، اتحاد ، معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دے کر عدم تشدد اور رواداری کی روائت کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کو دوہرائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے درمیان بہتر افہام و تفہیم پیدا کرنا اور ہماری نوجوان نسل کو بھائی چارے کے بارے میں آگاہی دینا ہمارا اوّلین فرض ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال انسداد دہشت گردی کا دن منانے کا مقصد معاشرے کے تمام طبقات میں دہشت گردی اور انسانیت پر تشدد کے خطرناک اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے ۔