عظمیٰ نیوزسروس
جموں//یومِ جمہوریہ کے قریب آنے کے ساتھ ہی جموں بھر میں حفاظتی اقدامات کو نمایاں طور پر سخت کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق بدھ کے روز سیکورٹی فورسز نے ایک ایسے علاقے میں گھر گھر تلاشی مہم چلائی جہاں روہنگیا مسلمانوں کی بڑی آبادی موجود ہے۔حکام کے مطابق، پولیس نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں کی مدد سے جموں شہر کے مضافاتی علاقے بٹھنڈی۔نروال۔راجیو نگر میں گھر گھر تلاشی لی۔اس علاقے میں روہنگیا اور بنگلہ دیشی مسلمانوں کی بڑی تعداد کی بستیاں موجود ہیں۔ تلاشی مہم ان کی جھگی بستیوں پر مرکوز رہی، تاہم اب تک کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام پرامن یومِ جمہوریہ تقاریب کو یقینی بنانے اور ملی ٹینٹوں کی جانب سے کسی بھی ممکنہ تخریبی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے کیے جانے والے سخت حفاظتی انتظامات کا حصہ ہے۔حکام کے مطابق، سیکورٹی فورسز نے نگرانی میں اضافہ، چیکنگ اور تلاشی کے عمل کو تیز کر کے سرحدی سیکورٹی اور شاہراہوں کی حفاظت کو پہلے ہی مضبوط بنا دیا ہے۔کشتواڑ میں ملی ٹینٹوں کی تلاش کو تیز کرنے کے لیے چھاترو بیلٹ کے سوندر، مندرال۔سنگھ پورہ اور ملحقہ علاقوں میں اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ادھرحکام کے مطابق، سیکورٹی فورسز جموں کے راجوری، پونچھ، سانبہ، کٹھوعہ، اودھم پور اور ڈوڈہ اضلاع سمیت درجنوں مقامات پر بھی سرچ اور کومبنگ آپریشن انجام دے رہی ہیں۔دریں اثنا، بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے ضلع سانبہ کے بارڈر آؤٹ پوسٹ بندتِپ میں ایک زنگ آلود مارٹر شیل سے بھرا بیگ کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے تباہ کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ بیگ بسنتَر-دیو کا ندیوں کے سنگم کے قریب کباڑ جمع کرنے والے کچھ مزدوروں سے ضبط کیا گیا تھا۔