نئی دہلی//وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے اور یہ ان کا خواب ہے کہ ہندوستان کھیلوں کا ملک بنے اور اولمپکس کا اہتمام کرے ۔ وزیر دفاع نے ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو میں ملک کو طلائی تمغہ دلانے والے فوج کے صوبیدار نیرج چوپڑا کے نام سے منسوب اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ حکومت نے پچھلے کچھ برسوں میں کھیلوں کے معیار کو بڑھانے کی کوشش کی ہے ۔ "میرے خیال میں یہ صرف ایک سرکاری اسکیم نہیں ہے ، بلکہ ایک تحریک ہے ، جسے ہمیں مزید آگے بڑھانا ہے ۔ ہمیں ابھی تک ان کوششوں کے ذریعے کامیابی کی مزید بلندیاں حاصل کرنی ہیں۔" انہوں نے کہا کہ ان کوششوں کے نتائج گزشتہ چند سالوں میں دکھائی دینے لگے ہیں۔ 2014 اور 2018 کامن ویلتھ گیمز میں ملک بالترتیب 64 اور 66 تمغوں کے ساتھ 5 واں اور تیسرامقام حاصل کیا۔ صوبیدار نیرج چوپڑا کی حصولیابی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "کسی بھی کھلاڑی کی زندگی میں سب سے اہم لمحہ وہ ہوتا ہے جب وہ پرچم پکڑتا ہے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ جب صوبیدار نیرج چوپڑا کو طلائی تمغہ دیتے ہوئے ٹوکیو میں قومی ترانہ بجا، تو ہر ہندوستانی کا سینہ فخر سے چوڑاہوگیا اور اس کی آنکھیں خوشی سے نم ہو گئی تھیں۔" انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں اور کھلاڑیوں کوآگے بڑھانے کے لیے بہت سے اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے باعث فخر بھی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی خود کھیلوں میں دلچسپی لیتے ہیں۔ یہ ان کی قیادت میں ہماری حکومت کا کھیل اور ہمارے کھلاڑیوں کے ساتھ محبت اور عزم کو ظاہر کرتا ہے ۔ یہ میرا خواب ہے کہ ہم ایک کھیلوں کا ملک بنیں جو اولمپکس میں سرفہرست ممالک کے زمرے میں آئے ۔ مجھے امید ہے کہ آپ سب اس میں میرا ساتھ ضرور دیں گے ۔ میں اس لمحے کے لیے بھی خواب دیکھ رہا ہوں جب بھارت کو اولمپکس کی میزبانی کا موقع ملے گا۔ "۔یو این آئی