یواین آئی
دبئی/ انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز جو روٹ اور نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز میٹ ہنری آئی سی سی مردوں کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئر رینکنگ میں بالترتیب بیٹنگ اور بولنگ کے شعبوں میں سرفہرست مقام پر پہنچ گئے ہیں۔یہ تبدیلی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے بعد سامنے آئی، جہاں مہمان ٹیم نے 253 رنز کی شاندار فتح حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔جو روٹ نے 46 اور 77 رنز کی اہم اننگز کھیل کر اپنے ہم وطن ہیری بروک اور آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنے کیریئر میں 12ویں مرتبہ ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران روٹ اور بروک کے درمیان سرفہرست مقام چھ مرتبہ تبدیل ہو چکا ہے ۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے میچ میں 109 رنز کے عوض 11 وکٹیں حاصل کر کے شاندار کارکردگی دکھائی اور بولنگ رینکنگ میں ہندوستان کے جسپریت بمراہ کے برابر 870 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر لیے۔870پوائنٹس کے ساتھ ہنری نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ تاریخ میں دوسرے سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے بولر بن گئے ہیں۔
ان سے آگے صرف لیجنڈری رچرڈ ہیڈلی ہیں، جنہوں نے 1985 میں 909 پوائنٹس حاصل کیے تھے ۔بیٹنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے گلین فلپس آٹھ درجے ترقی کرکے 31ویں اور ہنری نکولس 13 درجے ترقی کے ساتھ 40ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ راچن رویندرا دوبارہ ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے ہیں۔بولنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے جوفرا آرچر چھ درجے ترقی کرکے 50ویں جبکہ جیکب بیتھل 29 درجے ترقی کے ساتھ 85ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ہندوستان کے کپتان شبھمن گل تین درجے ترقی کرکے دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ افغانستان کے خلاف ہوم سیریز میں 238 رنز بنانے پر انہیں پلیئر آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا تھا۔ہندوستان کے ایشان کشن 21 درجے ترقی کرکے 43ویں اور یشسوی جیسوال 84 درجے ترقی کے ساتھ 71ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی بھی چار درجے ترقی کرکے 52ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ون ڈے بولنگ رینکنگ میں ہندوستان کے پرسدھ کرشنا آخری میچ میں پانچ وکٹیں لینے کے بعد 92ویں سے مشترکہ 58ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ ارشدیپ سنگھ پانچ وکٹوں کی بدولت 16 درجے ترقی کرکے 22ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔افغانستان کے آف اسپنر اے ایم غضنفر بھی تین درجے ترقی کے ساتھ 71ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔