نئی دہلی// حج وقلیتی امور مرکزی وزیرمختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے موصول ایڈوائزری کی وجہ سے اس سال ہندوستانی شہریوں کو حج پر نہیں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ نقوی نے منگل کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ ‘‘سعودی عرب کی حکومت میں حج وعمرہ کے وزیر ڈاکٹر محمدصالح بن طاہر بنتین کا کل رات فون آیا تھا۔ انہوں نے کورونا وبا کی وجہ سے اس مرتبہ حج کے سلسلے میں ہندوستان کے عازمین حج کو نہیں بھیجنے کا مشورہ دیا ہے ۔ نقوی نے بتایا کہ سعودی حکومت کے فیصلہ کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں، موجودہ حالات کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس سال حج کے لئے ہندوستانی مسلمان سعودی عرب نہیں جائیں گے ۔ نقوی نے بتایا کہ اس سال 2300 سے زیادہ بغیر کسی محرم (مرد رشتہ دار) حج پر جانے والی خواتین کی درخواست قبول کئے گئے ہیں۔ مرد درخواست گذار کی طرح ان خواتین کے بھی پیسے واپس کئے جائیں گے لیکن اس سال حج درخواست قبول کئے جانے کی بنیاد پر اگلے سال حج پر جانے کی اجازت ہوگی۔ ان خواتین کو اگلے سال الگ سے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی اگلے سال بھی جو خواتین بغیر کسی محرم کے حج کرنے کے لئے درخواست دیں گی ان سبھی کو حج پر بھیجا جائے گا۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ اب تک حج کے لئے دو لاکھ تیرہ ہزار درخواست موصول ہوئے تھے ۔ سبھی درخواست گذاروں کے ذریعہ جمع کرایا گیا پورا پیسہ کسی تخفیف کے بغیر فوری طور سے واپس کئے جانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔ یہ پیسہ آن لائن ڈی بی ٹی کے ذریعہ درخواست گذاروں کے کھاتے میں بھیجا جائے گا۔