سرینگر؍ پولیس جاں بحق اہلکاروں کی یاد میں اور جموں و کشمیر پولیس کے جاں بحق اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہندواڑہ پولیس نے ڈی پی ایل ہنڈواڑہ میں ایک اسپورٹس فیسٹیول کا آغاز کیا تھا جو آج کرکٹ ، والی بال اورکیرم کے فائنل میچوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس اختتامی تقریب میں ایس پی ہنڈواڑہ ڈاکٹر جی وی سندیپ چکروتی( آئی پی ایس) ، ایس ڈی پی او ہندواڑہ ، ڈی وائی ایس پی ڈی اے آر ہندواڑہ نے تمام کھیلوں جس میں کرکٹ ، والی بال ، شطرنج کی فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی اور نقد انعامات سے نوازاگیا۔ اسی طرح فائنل میچوں اور ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی پر کھلاڑیوں کو ایوارڈز بھی دیئے گئے۔ایس پی ہندواڑہ نے کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے فاتح اوررنر اپ ٹیموں کو مبارکباد پیش کی اور اظہار کیا کہ جموں وکشمیر پولیس اور پولیس ہندواڑہ اس علاقے میں کھیلوں اور یوتھ ڈویلپمنٹ سرگرمیوں کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو مثبت انداز میں توانائی دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں شخصیت کی نشوونما ، مثبت انداز ، اچھی صحت کے لئے اہم ہیں اور فرد کو منفی قوتوں سے دور رکھتی ہیں۔ ایس پی ہنڈواڑہ نے کھلاڑیوں ، تماشائیوں اور لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایونٹ کا مشاہدہ کیا اور ایونٹ کو کامیاب بنایا۔ہندواڑہ پولیس کے زیر اہتمام پولیس فلیگ ڈے کے بینر کے تحت مذکورہ اسپورٹس فیسٹیول کرکٹ ٹورنامنٹ ، والی بال ٹورنامنٹ ، رن فار یونٹی ، ثقافتی پروگرام ، شطرنج ، کیرم اور دیگر ایونٹس کا انعقاد کیا گیا۔