سرینگر// ہندوراہ پولیس نے سوبھاگیہ سکیم میں ایک ٹھیکیدار کی بقایا رقومات واگذار کرنے کیلئے رشوت لینے کی پاداش میں پی ڈی ڈی ہندوارہ کے ایگزیکٹیو انجینئر اور اسسٹنٹ اکائونٹس آفیسر کو گرفتار کرلیا ۔ہندوارہ پولیس ، جس کی قیادت ایس پی ہندوارہ کررہے تھے ،نے پی ڈی ڈی آفس پر اُس وقت چھاپہ مارا جب انہیں ایک ٹھیکدار خالد شاہ کی جانب سے 3روز قبل یہ شکایت ملی تھی کہ سوبھاگیہ سکیم کے تحت کام کرنے کے عوض واجب الادا ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ رقومات کی ادائیگی میں ایگزیکٹیو انجینئر محمد مقبول لون اور اسسٹنٹ اکائونٹس آفیسر غلام محمد وانی رشوت کا تقاضہ کررہے ہیں۔ ٹھیکدار خالد شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے مذکورہ سکیم کے تحت 2018تک کُل 3کروڑ 27لاکھ کا کام کیا جس کے بعد اگرچہ نصف رقم ادا کی گئی تاہم ایک کروڑ 89لاکھ کی رقم واجب الادا رہی جس کے عوض اُن سے 30فیصد کے حساب سے لاکھوں روپے کی رقم رشوت کے طور پر مانگی جارہی تھی۔ خالد شاہ نے کہا کہ 2روز قبل انہوں نے مذکورہ انجینئر کو 2لاکھ روپے دئے جبکہ اکائونٹس آفیسر 60ہزار کی رقم دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سنیچر کی شام 5بجے سے قبل پولیس نے مذکورہ دونوں آفیسروں کے خلاف جال بچھایا اور وہ خود آفس کے اندر آکر اکائونٹس آفیسر کو 20ہزار روپے اور ایگزیکٹیو انجینئر کو 50ہزار روپے کی رقم ہاتھ میں تھما گیا۔ جب ایگزیکٹیو انجینئر باہر آرہا تھا تو پولیس نے اُسے پکڑا اور اُس کے ساتھ ہی اکائونٹس آفیسر کو بھی دھر لیا۔ انہوں نے کہا کہ اکائونٹس آفیسر سے موقعے پر ہی 20ہزار روپے کی رقم وصول کی گئی اور اُسے گرفتار کیا گیا ۔ ایگزیکٹیو انجینئر کو گاڑی سمیت پولیس حراست میں لیا گیا جن سے پوچھ تاچھ کی جارہی تھی۔ پولیس نے یہ کاروائی تحصیلدار ہندوارہ کی موجودگی میں عمل میں لائی اور اس سلسلے میں کیس زیر نمبر 337/2021درج کرلیا گیا ہے۔