جموں //جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے 388افراد ہماچل پردیش سے کٹھوعہ پہنچے ۔ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ اوپی بھگت نے بتایا’’جموں وکشمیر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے388افراد پنجاب کے راستے لکھنپور پہنچے جنہیں اپنے اپنے اضلاع روانہ کردیاگیاہے ‘‘۔انہوں نے بتایاکہ یہ افراد ہماچل میں کام کررہے تھے جہاں وہ لاک ڈائون کے باعث واپس آگئے ۔انہوں نے مزید بتایا’’ہم نے ان کی سکریننگ کی اوراس کے بعد گھریلو قرنطینہ کیلئے اپنے اپنے اضلاع روانہ کردیا‘‘۔تاہم انہوں نے بتایاکہ 95افراد کو یہیں روک دیاگیاہے جنہوںنے پنجاب کو دریائے راوی کے راستے عبور کیا اور انہیں 14روزہ قرنطینہ مدت لازمی طور پر یہیں گزارناہوگی ۔انہوں نے بتایاکہ قرنطینہ مدت پوری ہونے کے بعد ان کو اپنے اپنے اضلا ع بھیجاجائے گا۔انہوں نے بتایا’’ہم نے انہیں رہنے کیلئے جگہ دی ہے ، یہ اپنے لوگ ہیں اور ہم نے مناسب سکریننگ کے بعد ان کا استقبال کیا ‘‘۔نمونوں کی جانچ کے حوالے سے انہوں نے بتایاکہ ضلع میں نمونے لینے کا عمل وسیع کردیاگیاہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس سلسلے میں دو ٹیسٹنگ کٹس قائم کی گئی ہیں جبکہ مزید دو کو نصب کیاجارہاہے تاکہ کورونا کے خلاف اقدامات میں تیزی لائی جاسکے ۔واضح رہے کہ ضلع میں ابھی تک کورونا کا ایک ہی کیس آیاہے ۔