سرینگر// جموں کشمیر میں مسلسل8ویں ہفتے اتوار کو ہفتہ وار کورونا کرفیو کا سلسلہ جاری رہا۔کشمیر اور جموں کے تمام اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ دنوں جاری روسٹر کے مطابق ہفتہ وار لاک ڈائون اتوار کو بھی جاری رہا جبکہ اس کااطلاق جمعہ کی شام سے ہوا تھا۔ سخت لاک ڈائون کے تیسرے روزبھی کشمیروادی میں معمول کی کاروباری سرگرمیاںاورعوامی نقل وحمل مفلوج رہی ۔اس دوران غیر ضروری طور سڑکوں پر چلنے والی گاڑی ڈرائیوروں سے جرمانہ وصول کیا گیا۔ شہروقصبہ جات کے بازارویران اور بیشتر سڑکیں سنسان نظرآرہی تھیں ۔حکام نے پہلے ہی واضح کیاہے کہ لاک ڈائون کے تحت عائد بندشوں وپابندیوں نیز کورونا کی روکتھام کیلئے مقررہ رہنما اصولوں یعنی ایس ائوپیز کی خلاف ورزیوں کی اجازت نہیں دی جائیگی ،اورجو کوئی بھی خلاف ورزی کامرتکب ہوگا،اُس کیخلاف قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ جموں کے اضلاع میں بھی کرونا کرفیو دیکھنے کو ملا تاہم ان اضلاع مین وادی کے نسبت نرمی دیکھنے کو ملی۔ نجی ٹرانسپورٹ سڑکوں پر دوڑتا ہوا نظر آیا،جبکہ کئی اندرون علاقوں اور بازاروں میں دکانیں بھی کھلی تھیں۔ پیر پنچال اور چناب خطوں میں بھی ہفتہ وار لاک ڈائون کے دوران بندشیں تھی تاہم گزشتہ ہفتوں کے برعکس یہ بندشیں قدرے نرم تھی۔ بانہال،بارہمولہ ریل سروس بھی بدستور بند ہیں ۔