تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کی پنچایت منگوٹہ میںکے لوگوں نے ہسپلوٹ تا منگوٹہ 11 کلو مٹر سڑک پر غیر معیاری مٹریل استعمال کرکے بچھائی گئی تار کول کو لے کر آفیسران و ملازمین کےخلاف شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تھنہ منڈی کی یہ پہلی پی ایم جی ایس وائی کی سڑک ہے جس پر 2019 میں بلیک ٹاپینگ کی گی تھی مگر آمد و رفت کم ہونے کے بعد بھی سڑک کی حالت خستہ ہوگئی ہے۔ آج ایک بار پھر اس سڑک پر تارکول بچھانے کا کام جاری ہے جس میں محکمہ کی طرف سے غیر معیاری مواد استعمال کیا جارہا ہے۔مظاہرین نے محکمہ کےخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ اگر سڑک کی بلیک ٹاپینگ کی جارہی ہے تو اس پر صحیح اور معقول مواد کا استعمال کیا جائے تاکہ کچھ عرصہ سڑک آمد و رفت کےلئے بہتر ہو جائے مقامی لوگوں نے کہا کہ سڑک کے کنارے پر نالیوں کا نہ ہونا بھی سڑک کی تباہی کا ایک سبب ہے۔ مظاہرین نے کہاکہ رابطہ سڑکوں کو معیاری بنانے کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جاتا جس کی وجہ سے کچھ ہی عرصہ میں سڑکیں کھڈوں میں تبدیل ہو جاتی ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ صرف فنڈز ہڑپنے کے بعد دیکھائی ہی نہیں دیتا ۔ لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی اور متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے اور اس سڑک پرکئے جانے والی بلیک ٹاپنگ کی جانچ کی جائے تاکہ سرکار کے فضول خرچ ہونے والے پیسہ کو بچایا جائے اور سڑک پر صحیح طرح سے بلیک ٹاپنگ کی جائے۔