یو این آئی
رانچی// جھارکھنڈ کی رانچی ضلع انتظامیہ گیس سلنڈروں کے غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری کے خلاف مسلسل کارروائی کر رہی ہے۔اس سلسلے میں 24 مارچ کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر رانچی کے ایدل ہاتو علاقے میں واقع ایک مکان میں گھریلو اور تجارتی (کمرشیل) گیس سلنڈروں کے غیر قانونی ذخیرے اور کالا بازاری کی تصدیق ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی انتظامی ٹیم نے رات کے وقت مذکورہ مقام پر چھاپہ مارا، جہاں سے بڑی تعداد میں گیس سلنڈر اور ریفلنگ کے آلات برآمد کیے گئے۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ یہ مکان کرایے پر لیا گیا تھا، جہاں ایک شخص گھریلو گیس سلنڈروں سے غیر قانونی طور پر گیس نکال کر ریفلنگ اور کالا بازاری کا دھندا کر رہا تھا۔برآمد شدہ سامان میں گھریلو گیس سلنڈر (14.2 کلو انڈین) کے 03 بھرے ہوئے اور 02 خالی سلنڈر، گھریلو گیس سلنڈر (14.2 کلو – ایچ پی) کا 01 بھرا ہوا سلنڈر، چھوٹا سلنڈر (5 کلو – انڈین) کا 01 خالی سلنڈر، کمرشیل گیس سلنڈر (19.2 کلو – گو گیس) کے 02 خالی سلنڈر، نیز بڑے سلنڈر سے چھوٹے سلنڈر میں گیس بھرنے کی مشین، ریگولیٹر، پائپ اور گیس کا وزن کرنے کے لیے ڈیجیٹل مشین شامل ہیں۔ادھردہلی پولیس کرائم برانچ نے سنگم وِہار، جنوبی دہلی میں ایک غیر قانونی ایل پی جی ریکٹ پکڑ لیا، چار ملزمان کو گرفتار کر کے 183 گیس سلنڈرز برآمد کیے۔ یہ کارروائی علاقے میں مشتبہ اسٹوریج اور تقسیم کی سرگرمیوں کی اطلاع ملنے کے بعد کی گئی۔چار ملزمان گرفتار کیے گئے ہیںتمام ملزمان ایک مجاز گیس ایجنسی کے رجسٹرڈ ڈیلیوری اہلکار ہیں اور پولیس کے مطابق، وہ تقسیم کے بہانے ایل پی جی سلنڈرز کے غیر قانونی اسٹوریج اور ری فلنگ میں ملوث تھے۔پولیس حکام کے مطابق، تین کرایہ کے گوداموں سے مجموعی طور پر 183 انڈین گیس سلنڈرز برآمد کیے گئے، جن میں سے 154 بھرے ہوئے تھے اور 29 خالی تھے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزمان ایجنسی سے سلنڈرز لینے کے بعد انہیں صارفین تک نہیں پہنچاتے تھے بلکہ کرایہ کے گوداموں میں ذخیرہ کر لیتے تھے۔وہاں وہ بھرے ہوئے سلنڈرز سے غیر قانونی طور پر 1-2 کلو گیس نکال کر خالی سلنڈرز میں منتقل کرتے تھے، اور یہ ری فل کیے گئے سلنڈرز پھر مارکیٹ میں زیادہ قیمت پر فروخت کیے جاتے تھے۔ چھاپوں کے دوران پولیس نے اس غیر قانونی کارروائی میں استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد کیے، جن میں لوہے کی پائپیں، الیکٹرانک وزن کرنے کے ترازو، اور ری فلنگ کے آلات شامل تھے۔