گول//گول سب ضلع ہسپتال کے نزدیک برلب سڑک جمع گندگی اور مٹی کے ڈھیر کی وجہ سے جہاں گول رام بن سڑک سکڑ کر رہ گئی ہے وہیں اس گندگی اور ملبے سے گر دو غبار اُٹھنے کی وجہ سے یہاں ہسپتال میں مریضوں کے ساتھ ساتھ تیمارداروںکو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ جہاں لوگ اس ہسپتال میں علاج و معالجہ کے لئے آتے ہیں وہیں گندگی بدبو کی وجہ سے یہاں یہ لوگ بیمار بھی ہو جاتے ہیں اور ہسپتال میں آنے والے لوگوں کے لئے باہر کسی بھی جگہ بیٹھے کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ گول رام بن سڑک کے دونوں جانب قائم سب ضلع ہسپتال گول میں آنے والی کوئی بھی ایمر جنسی گاڑی یہاں اس سڑک کی سکڑنے کی وجہ سے وقت پر نہیں پہنچتی ہے اور کسی بھی وقت یہاں کوئی حادثہ پیش آئے گا ۔ یہاں سڑک کے کنارے جمع مٹی جہاں محکمہ گریف نے خود جمع کر کے رکھی ہے وہیں ملحقہ جات سے کچھ خود غرض لوگ بھی اس چیز کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اس لا وارث روڈ پر بناء کسی جھجک کے ڈیمپروں سے ملبہ لاتے ہیں اور سڑک پر چھوڑ جاتے ہیں ۔اگر چہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ گول انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ اس پر روک لگائی جائے اور بالخصوص ہسپتال کے ارد گرد کسی بھی جگہ گندگی جمع ہونے نہ دیں اور کوئی بھی رکاوٹ یہاں نہیں ہونی چاہئے لیکن اس کی طرف انتظامیہ نے کوئی توجہ نہیں دی جس وجہ سے آئے روز اس طرح کی مشکلات سے دولوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں و تیمار داروں نے برہمی کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ یہاں انتظامیہ نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔ جہاں ہسپتال انتظامیہ کی سخت لا پروائی ہے وہیں دوسری جانب گول انتظامیہ بھی خواب خرگوش میں ہے جس وجہ سے اس طرح کے واقعات سامنے آ رہے ہیں ۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن مسرت عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کے ارد گرد اور گول رام بن کے سڑکوں پر جمع مٹی کے ڈھیر و دوسرے قسم کے ملبے کو ہٹایا جائے تا کہ سڑک سکڑ نہ پائے اور آنے جانے والی گاڑیوں کو کوئی پریشانی نہ ہو اور اس طرح سے حادثات کے خدمات بھی کم ہوں ۔