گول بھیمداسہ میں چٹانیں کھسک آئیں شادی کی تقریب کے دوران رہائشی مکان کو شدید نقصان

زاہد بشیر

گول//گول کے علاقہ بھیمداسہ میں اُس وقت شادی کی ایک تقریب کے دوران لوگوں کی جانیں بال بال بچیں جب اچانک اوپر پہاڑی سے چٹانیں کھسک آئیں اور سیدھے اُسی مکان پر آ گریں جہاں پر شادی کی تقریب چل رہی تھی جس دوران وہاں پر شیڈ میں کھانا تیار کیا جا رہا تھا وہ تمام ساز وسامان تباہ و برباد ہو گیا ۔ لوگوں کے مطابق اشر سنگھ ساکنہ بھیمداسہ کے لڑکے کی شادی کی تقریب چل رہی تھی کہ اچانک رات نو بجے کے قریب اوپر پہاڑی سے چٹانیں کھسک آئیں اور بڑے بڑے پتھر اشر سنگھ کے مکان کی دیوار پرلگے اور ایک پتھر اُس شیڈ کے اوپر لگے جہاں کھانا تیار کیا جا رہا تھا کہ لوگو ں میںافرا تفری پیدا ہوئی اور لوگ بھاگنے لگے ۔ اس دوران کافی پتھر آئے لیکن دو بڑے بڑے پتھر آئے جس وجہ سے مکان کو شدید نقصان پہنچا ۔ لوگوں کے مطابق یہاں پر شیڈ میں جو کھانا بنا ہوا تھا وہ بھی تمام تباہ و برباد ہو گیا ۔ لوگوں نے کہا کہ مکان نا قابل رہائش بن گیا ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مقامی شہری اشر سنگھ کو ایکسگریشیا ریلیف دیا جائے تا کہ وہ مکان کو دوبارہ تعمیر کر سکے اور جو نقصان ہوا ہے اُس کا کسی حد تک مداوا ہو سکے ۔