گول بس سٹینڈ سے ڈاک بنگلہ تک کی سڑک خستہ | عوام محکمہ تعمیرات عامہ سے خفا، انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل

زاہد بشیر
گول//بس سٹینڈ سے نکلنے والے گول سلبلہ روڈ کی ڈاک بنگلہ تک حالت نہایت ہی ابتر ہے۔بارشوں اور برف باری کے دوران انسانوں کا اس پر چلنا محال بن چکا ہے ۔ قریباً اس آدھ کلو میٹر سڑک پرنکاسی نالیوں کا کوئی نام و نشان نہیں ہے وہیں لوگوں نے بھی غیر ذمہ داری اپناتے ہوئے تعمیرات کے دوران اس میں ملبہ ڈالا ہے اور بعد میں اگر چہ محکمہ تعمیرات عامہ نے اس ملبے کو باہر نکالا لیکن وہیں نالے کے ایک طرف رکھ دیا جو بعد میں آہستہ آہستہ واپس نالیوں میںجا گرا جس وجہ سے تمام بارشوں کا پانی سڑک پر آگیا اور یہ کھنڈرات میں تبدیل ہو گئی ہے ۔ محکمہ تعمیرات عامہ نے دسمبر مہینے میں اگر چہ گول میں کئی سڑکوں کی نالیوں سے ملبہ نکالا لیکن تمام ملبہ نالیوں کے ایک طرف سڑکوں پر ہی رکھا جو برف اُٹھانے کے دوران جے سی بی نے دوبارہ نالیوں میں ڈالا۔یوںبارشوں سے جو بھی پانی آتا ہے وہ سڑکوں کے بیچوں بیچ اور لوگوں کے زرعی اراضی و مکانات میں چلا جاتا ہے جس وجہ سے کام کرنے کے با وجود لوگوں کو مسائل سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ایک تو گول بس سٹینڈ سے ڈاگ بنگلہ تک سڑک کی حالت کو بہتر بنایا جائے تا کہ لوگوں کو چلنے میں کوئی پریشانی نہ ہو وہیں نالیوں سے ملبہ اُٹھایا جاتا ہے اُس کو کسی دورجگہ ٹھکانے لگایا جائے تا کہ سڑکیں صاف ہونے کے ساتھ ساتھ نالیوں میں یہ ملبہ دوبارہ نہ جا سکے اور بارشوں کا پانی نالیوں سے ہی باہر نکل سکے اور لوگوں کے مسائل کا سد باب ہو سکے ۔