گاندربل//سنٹرل یونیورسٹی کشمیر کے شعبہ اسٹوڈنٹ ویلفیئرکے زیر اہتمام جمعرات کوسکھ مذہب کے گورو تیغ بہادر کے 400 ویں یوم پیدائش پر تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں گورو کی تعلیمات ، اقدار اور اصولوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی۔اس موقع پر وائس چانسلر سنٹرل یونیورسٹی کشمیر پروفیسر معراج الدین میر مہمان خصوصی تھے۔ڈاکٹر سومن پریت اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ فزیکل ایجوکیشن نے گورو کی زندگی اور تعلیمات کے بارے میں ایک وسیع درس پیش کیا۔انہوں نے نشاندہی کی کہ گورو تیغ بہادرنے اپنی پوری زندگی گورو نانک کے پیغام کو عام کرنے کے لئے وقف کردی۔گرو گرنتھ صاحب میں شامل ان کے کاموں کے متعلق مفصل درس دیا۔وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر نے اپنی تقریر میں گورو تیغ بہادر کو ایک عظیم گوروقرار دیا جنہوں نے اپنی زندگی حق اور انسانیت کے مقصد کے لئے وقف کردی۔اس دوران شعبہ سٹوڈنٹ ویلفیئر کے سربراہ پروفیسرمعراج الدین شاہ بھی موجود تھے۔