پونچھ// گورنر کے مشیر فاروق خان پونچھ کے دورہ پر ہیں جس دوران ان سے الگ الگ مقامات پر متعدد وفود ملاقی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو فاروق خان پونچھ کے مہنڈر سب ڈویزن پہنچے تھے جہاں ان سے وفود نے ملاقات کی جبکہ بدھ کی صبح کو پونچھ صدر مقام پر متعدد وفود ملاقی ہوئے ۔ وہیں پونچھ صدر مقام پر بی جے پی سمیت نیشنل کانفرنس پی ڈی پی اور دیگر مختلف سیاسی پارٹیوں نے جب فاروق خان سے ملنے کی کوشش کی تو انہیں الگ الگ وفد کے ساتھ ملنے کی اجازت نہیں دی گئی جس پر انہوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی طور ملنے سے ہی بائیکاٹ کر دیا۔ بعد دوپہر گورنر کے مشیر تحصیل منڈی پہنچے جہاں ڈاک بنگلہ منڈی میں ان سے پی ڈی پی نیشنل کانفرنس اور بی جے پی کے وفود ملاقی ہوئے جبکہ بی ڈی سی چیرمین منڈی لورن ساتھرہ کے علاوہ ڈی ڈی سی ممبر منڈی نے بھی ان سے ملاقات کی اور اس جے بعد انہوں نے سرنکوٹ تحصیل میں بھی وفود سے ملاقات کی ۔تمام وفود سے ملاقات پر فاروق خان نے مطالبات پر غور و خوض کر انہیں پورا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ واضح رہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان پونچھ راجوری کے دورہ پر ہیں اور بدھ کو وہ پونچھ میں وفود سے ملاقات کر ضلع راجوری پہنچ گئے۔