کٹرہ//کٹرہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ترقیاتی عمل کو بڑھاوا دینے اور بلدیاتی سہولیات کو فروغ دینے کی غرض سے گورنر این این ووہراجو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں کی ہدایات پر شرائین بورڈ کے سی ای او امنگ نرولہ نے کٹڑہ میں 107 لاکھ روپے کی لاگت والے تین ترقیاتی پروجیکٹ ہاتھ میں لئے ہیں ۔ نئے کاموں میں شالیمار پارک سے وارڈ نمبر 8 ہنسالی تک سڑک کو بڑھاوا دینا شامل ہے جس پر46.50 لاکھ روپے لاگت آنے کا اندازہ ہے ۔ شرائین بورڈ نے پہلے ہی علاقے میں 119 لاکھ روپے کی لاگت سے کئی سڑک پروجیکٹ مکمل کئے ہیں ۔ وارڈ نمبر تین کٹڑہ کے لوگوں کے مطالبات کے تناظر میں بورڈ نے آرلی ے سرسوتی چوک اور ننگل روڈ چوک کٹڑہ تک سڑک کو بڑھاوا دینے کا کام بھی ہاتھ میں لیا ہے اس پروجیکٹ پر 50 لاکھ روپے صرف کئے جا رہے ہیں اور اس کی بدولت کٹڑہ میں کئی سہولیات بہم ہوں گی ۔ بورڈ نے مین روڈ سے شرائین بورڈ کے سنٹرل آفس تک لنک روڈ کو بڑھاوا دینے کا کام بھی ہاتھ میں لیا ہے تا کہ وہاں کے لوگوں کو عبور و مرور کی بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ علاقے میں اس وقت کئی ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام سرعت سے جاری ہے ۔ گورنر نے پہلے ہی ہاتھ میں لئے گئے بلدیاتی سہولیات کاموں کی پیش رفت کا ایڈیشنل سی ای او انشُل گرگ کے ساتھ جائیزہ لیا ۔ انہوں نے گورنر کو جانکاری دی کہ کٹڑہ قصبے میں 248 لاکھ روپے کی لاگت سے کئی کام مکمل کئے جا چکے ہیں ۔ بورڈ نے سڑا۔ ککڑیال اور ملحقہ علاقوں میں 298 لاکھ روپے کی لاگت سے کئی ترقیاتی کام مکمل کئے ہیں ۔ وہاں جدید طرز کے چھ بس سٹاپ کے علاوہ 40 ایل ای ڈی سولر لائیٹس نصب کی جا چکی ہیں اور علاقے کی جاذبیت کو بڑھاوا دینے کے کئی کام مکمل کئے گئے ہیں ۔