ڈوڈہ//گورنر این این ووہرا نے آج پہاڑی ضلع ڈوڈہ کے دورے کے دوران وہاں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا از خود جائیزہ لیا ۔ گورنر کے ہمراہ گورنر کے مشیر بی بی ویاس اور ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما بھی تھے ۔ ضلع میں پہنچتے ہی گورنر نے ضلع کے ارکانِ قانون سازیہ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ ان ارکان میں جی ایم سروری ، شکتی راج پریہار ، دلیپ سنگھ پریہار ، نیلم کمار لنگہیہ ، فردوس احمد ٹاک ، نریش گپتا اور شام لال بھگت شامل ہیں ۔ گورنر نے ضلع کے ترقیاتی معاملات سے متعلق ارکانِ قانون سازیہ سے جانکاری حاصل کی ۔ ان معاملات میں سڑکیں ، طبی سہولیات ، تعلیم ، بجلی اور پینے کے پانی کے سیکٹر شامل ہیں ۔ ارکانِ قانون سازیہ نے اپنے حلقہ انتخاب سے متعلق مسائل و مطالبات کی فہرست گورنر کے سامنے رکھی ۔ انہوں نے گورنر سے گذارش کی کہ ضلع میں مختلف پروجیکٹوں پر جاری کام میں سرعت لائی جائے ۔ گورنر نے ارکانِ قانون سازیہ پر زور دیا کہ وہ آنے والے میونسپلٹیوں اور پنچائیتوں کے انتخابات کے بارے میں لوگوں میں جانکاری پیدا کریں تا کہ جمہوریت بنیادی سطح پر قایم ہو ۔ ارکانِ قانون سازیہ نے گورنر کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جو انہوں نے کافی عرصے سے التوا میں پڑے انتخابات کو عمل میں لانے کیلئے فیصلہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ میں انتخابات بڑے جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوں گے ۔ بعد میں گورنر نے صوبائی سربراہان کی ایک میٹنگ کی صدارت کی اور ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کی عمل آوری کا جائیزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ڈاکٹر سمرن دیپ سنگھ نے اس موقعہ پر ضلع میں مختلف ترقیاتی کاموں پر جاری کام کی تفصیلات پیش کیں ۔ ضلع کے پہاڑی اور دور افتادہ علاقہ ہونے کی وجہ سے گورنر نے ضلع کے پروجیکٹوں اور سکیموں بالخصوص سی آر ایف ، نبارڈ اور پی ایم جی ایس وائی کے تحت کاموں میں سرعت لانے پر زور دیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے میٹنگ میں بتایا کہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت 47 سکیموں کی تکمیل کے علاوہ ضلع میں کئی اور پروجیکٹوں کو بھی مکمل کیا گیا ہے جن میں ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈوڈہ ، سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بھدرواہ ، آؤٹ ڈور سپورٹس سٹیڈیم ڈوڈہ اور گنپت پُل شامل ہیں ۔ ڈاکٹر سنگھ نے گورنر کو ضلع میں مختلف مرکزی معاونت والے فلیگ شپ پروگراموں جن میں ایم جی نریگا ، سوچھ بھارت مشن ، پی ایم اے وائی ( اربن ) اور پی ایم اے وائی ( جی ) شامل ہیں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی ۔ افسروں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے تمام متعلقین پر زور دیا کہ وہ ریاست میں معمول کے حالات واپس لانے میں اپنی تمام تر کوششیں انجام دیں ۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ لوگوں کے پاس جا کر اُن کے مسائل حل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں میں نئی روح پھونکتے ہوئے عوامی ترقیاتی مسائل حل کریں ۔ انہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ کی تعمیر کے کام میں سرعت لانے پر زور دیتے ہوئے وقتِ مقررہ پر پروجیکٹوں کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ گورنر نے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کو چار کروڑ روپے فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے تا کہ نامکمل کام مکمل کرنے کیلئے اقدامات کئے جا سکیں ۔ انہوں نے مزید ایک کروڑ روپے ضلع ترقیاتی کمشنر کو واگذار کرنے کا اعلان کیا تا کہ ترقیاتی ضروریات پوری کی جا سکیں ۔