گنڈ بل سانحہ لاپتہ باپ بیٹے سمیت 3افراد کی تلاش چوتھے روز بھی جاری

 یو این آئی

سرینگر//سرینگر کے گنڈ بل بٹوارہ علاقے میں منگل کی صبح دریائے جہلم میں کشتی الٹنے کے بعد لاپتہ ہونے والے باپ بیٹے سمیت تین افراد کی تلاش کے لئے جمعہ کو مسلسل چوتھے روز بھی برستی بارش کے بیچ آپریشن جاری رہا۔بتادیں کہ گنڈبل علاقے میں جہلم میں کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور اس کے دو کمسن بیٹوں سمیت 6 افراد کی موقت واقع ہوئی جبکہ تین افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔حکام کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، فوج، ریور پولیس و دیگر ایجنسیوں سمیت 14ٹیمیں وسیع پیمانے پر آپریشن چلا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن جمعہ کی صبح سے چوتھے روز دوبارہ شروع ہوا۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے ماہر غوطہ خوروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ تمام متعلقہ پولیس تھاںوں کو دریائے جہلم پر نظر رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ٍادھر لاپتہ افراد کے غم سے نڈھال اہلخانہ و دیگر احباب و اقارب بھی روز صبح سویرے دریائے کے کنارے پر جمع ہوجاتے ہیں اور روتے سسکتے لاشوں کی بازیابی کے لئے دعائیں کر رہے ہیں۔