پی ایچ سی سونہ مرگ میں طبی سہولیات کا فقدان سیاحوں ،مقامی سیلانیوں اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا

 غلام نبی رینہ

کنگن//سونہ مرگ میں قائم پرائمری ہیلتھ سنٹر میں طبی سہولیات کا فقدان ہونے کی وجہ سے ایمرجنسی کے دوران مریض کو معمولی ٹیسٹ کرانے کے لئے سکمز صورہ منتقل کیا جاتاہے جبکہ خواتین مریض کو طبی معائنہ کرنے کے لئے ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر دستیاب نہیں جس کی وجہ سے اس صحت افزا مقام پر سیرو تفریح پر آنے والے سیاح ،مقامی سیلانیوں اور رہائشی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لوگوں کا کہناہے کہ اگرچہ صحت افزا مقام سونہ مرگ ہسپتال پر لداخ شاہراہ بحال ہونے اور امرناتھ یاترا شروع ہونے کے بعد اس پر مریضوں کا دبا بڑ جاتا ہے ، یاترا کے اختتام تک مزید ڈاکٹروں کو تعینات کیا جاتا ہے اور اس کے بعد ان کو واپس لیا جاتاہے۔

 

لوگوں کا کہنا ھے کہ ہسپتال میں حکومت کی طرف سے عوام کی سہولت کے لئے اگرچہ لاکھوں روپے کی مشینری دستیاب رکھی گئی تاکہ صحت افزا مقام سونہ مرگ میں سیرو تفریح پر آنے والے سیاحوں، مقامی سیلانیوں اور رہائشی لوگوں کو ایمرجنسی کے وقت علاج کرانے کے غرض سے کسی طرح کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے لیکن مشینری دستیاب ہونے کے باوجود بھی اس کے لئے عملہ دستیاب نہیں رکھا گیا جس کی وجہ سے ای سی جی ایکسرے اور دیگر ضروری ٹیسٹ کرنے کے لئے ایمرجنسی مریض کو سرینگر یا دیگر ہسپتال منتقل کیا جاتا ہے جس کے بعد کئی مریض راستے میں دم توڑ بیٹھے ۔لوگوں کا مطالبہ ہے پرائمری ہلتھ سنٹر سونہ مرگ میں بہتر طبی سہولیات کے علاوہ دیگر ماہر ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ مریضوں کو کسی طرح کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔