پونچھ// ضلع پونچھ کے گائوں گنڈی کی جانب جانے والی رابطہ سڑک جس کی تعمیر دو سال قبل ہی کی گئی تھی کی خستہ حالی کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گائوں کو ضلع ہیڈکوارٹر سے جوڑنے والی یہ رابطہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے۔سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈے بنے ہوئے ہیں جن میں جمع گندا پانی نہ صرف گاڑیوں بلکہ پیدل چلنے والوں کیلئے بھی باعث پریشانی بن چکا ہے۔بارش کے ایام میں رابطہ سڑک جھیل کی شکل اختیار کر لیتی ہے جس کی وجہ سے عوام خصوصاً بزرگوں اور بچوں کو سڑک پار کرنے میں انتہائی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کے ک ڈنگے نہیں بنائے گئے ہیں نہ ہی نکاس آب کا کوئی سلسلہ ہے جس کی وجہ سے پانی سڑک پر جمع ہو رہا ہے جو مکینوں کے لئے باعث عذاب بن چکی ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیرات کے دوران پانی کی پائپ لائن ٹوٹ پھوٹ گئی ہے جس کی وجہ سے ان کو پانی کی بھی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ خستہ حال سڑک کی وجہ سے اس پر چلے والی گاڑیوں کو بھی زبردست نقصانات سے دوچار ہونا پڑتا ہے اور اس حوالے سے انہوں نے ضلع انتظامیہ سے کئی بار رجوع کیا تاہم ’’انتظامیہ عوام کی مشکلات کا ازالہ کرنے سے قاصر ہے۔علاقہ کے ٹھاکر بلونت سنگھ، مظفر شاہ، غلام نبی شاہ، عزیز خان اور چوہدری پرویز احمد نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل ہے کہ وہ ذاتی مداخلت کر کے فوری سڑک کی مرمت کروائیں اور متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف کاروائی کریں۔