جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی پبلک انڈر ٹیکنگس کمیٹی نے پی ڈبلیو ڈی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایک تکنیکی کمیٹی تشکیل دی تاکہ گنپت ڈوڈہ میں آر سی سی پل کی تعمیر کے کام کی الاٹمنٹ کی تحقیقات کی جاسکے ۔کمیٹی کی میٹنگ آج ایم ایل اے ست شرما کی صدارت میںمنعقد ہوئی جس میں جے کے پی سی سی کے سی اے جی آڈِٹ پیراز کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کارپوریشن کے مجموعی کام کاج کا بھی جائزہ لیا گیا۔ارکان اسمبلی جی ایم سروری ، محمد خلیل بندھ، عبدالمجید لارمی ، راجا منظور احمد، راجیو شرما ، راجیش گپتا اور وکر م رندھاوا نے میٹنگ میں شرکت کی۔کمیٹی نے میٹنگ میں ہدایت دی کہ گنپت ڈوڈہ میں پل کی تعمیر کے کام سے متعلق الاٹمنٹ کے عمل میں اگرکوئی کوتاہی ہوئی ہو تو اس کا جائزہ لیا جانا چاہیئے اور اس کی رپورٹ 15جون 2018ء تک چیف سیکرٹری کو بھیجی جانی چاہیئے۔کمشنر سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی سنجیو ورما اور ایم ڈی جے کے پی سی سی وقار مصطفی شونٹھو نے کمیٹی کو کارپوریشن کے آڈِٹ پیراز کے حوالے سے سی اے جی میں مشاہدات پر محکمہ کی طرف سے کی جارہی کارروائی کے بارے میںجانکاری دی گئی۔سپیشل سیکرٹری اسمبلی آر ایل شرما اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔