عظمیٰ نیوزسروس
جموں//آئندہ امرناتھ یاترا کے لیے وسیع پیمانے پر تیاریاں جاری ہیں اور انتظامیہ گزشتہ برس کے مقابلے میں یاتریوںکو مزید بہتر سہولیات اور خدمات فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ یہ بات جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری اتل ڈلو نے پیر کے روز کہی۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ 57 روزہ امرناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کو ایک پُرسکون، محفوظ اور آرام دہ سفر کا تجربہ حاصل ہوگا۔ یہ یاترا 3 جولائی سے جنوبی کشمیر کے ہمالیائی علاقے میں شروع ہوگی اور 28 اگست کو، جو راکھی کے تہوار (رکشا بندھن) کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی، مکمل ہوگی۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اتل ڈلو نے کہا”تمام ضروری انتظامی اور سیکورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور یاترا کے آغاز سے قبل یہ تمام تیاریاں مکمل کر لی جائیں گی۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، بجلی، پانی کی فراہمی، زائرین کی رہائش، ٹرانسپورٹ، سیکورٹی اور طبی سہولیات سمیت مختلف شعبوں پر کام جاری ہے۔ ان تمام انتظامات کا مقصد یاترا کو خوش اسلوبی سے مکمل کرانا ہے‘‘۔چیف سیکریٹری نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس بار یاتریوںکو زیادہ معیاری اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زائرین کی حفاظت، سہولت اور آرام کو یقینی بنانے کے لیے جامع انتظامات کیے جائیں گے۔ڈلونے کہا”میں تمام لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ یاتریوں کے لیے مکمل انتظامات موجود ہوں گے اور یاترا کے دوران ان کا تجربہ انتہائی خوشگوار رہے گا‘‘۔