ڈوڈہ //سب ڈویژن گندوہ کے دور دراز علاقہ منو میں کوٹہ نالہ پر واقع لکڑی کا عارضی پل کی خستہ حالی سے سینکڑوں نفوس پر مشتمل آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 15 میٹر لمبے پل کے بیشتر حصے پر لکڑی بوسیدہ ہوچکی ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف عام راہگیروں بلکہ مال مویشیوں کو سفر کرنے میں خطرہ لاحق رہتا ہے۔مسکین علی نامی ایک مقامی شخص نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کوٹہ نالہ پر کئی برس قبل لکڑی کا پل تعمیر کیا گیا ہے جو کہ اب بوسیدہ ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پل سے جہاں لوگ اپنی زمینوں میں جاکر لکڑی و گھاس لاتے ہیں وہیں مقامی و بیرونی علاقوں کے لوگ اسی راستے سے ہماچل، میہاڈ، بوزھاڑی ،کانٹھی و دیگر اہم چراگاہوں میں مال مویشی کے ساتھ جاتے ہیں۔محمد شمعون نامی ایک اور شخص نے کہا کہ عمر رسیدہ افراد کے ساتھ ساتھ چھوٹے بچوں کا بھی اس پل سے گذر ہوتا ہے لیکن بوسیدہ ہونے سے پل پر سفر کرنا انتہائی مشکل بن گیا ہے۔انہوں نے حکام سے پل کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔سابق سرپنچ چوہدری ہاشم دین جالیا نے کہا کہ پل کی خستہ حالی عوام کے لئے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے کوٹہ و جال سے بن کھوڑی کے لئے نئے پل تعمیر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام کو راحت ملے گی۔