سرینگر//جموں کشمیرہائی کورٹ نے حکومت جموں کشمیرکوہدایت دی ہے کہ شمالی کشمیرکے صحت افزاء مقام گلمرگ میں مزیدتعمیرات کھڑاکرنے کی اجازت نہیں دی جائے۔گلمرگ کے تحفظ سے متعلق ایک مفاد عامہ کی عرضی کی سماعت کے دوران جسٹس علی محمد ماگرے اور جسٹس ونودچٹرجی کول نے چیئرمین جموں کشمیر پولیوشن کنٹرول بورڈکوہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ گلمرگ کے ہوٹلوں میں ڈرینج اور سیوریج کامناسب نظام ہو۔چیف کنسرویٹر جنگلات اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ گلمرگ میں کوئی درخت نہ کاٹا جائے ۔یہ ہدایت عدالت نے اس مشاہدے کے بعدجاری کیں کہ یہ عرضی سال2012میں دائر کی گئی تھی تاکہ گلمرگ کی شان رفتہ کوبحال کیا جاتا۔عدالت نے کہا،’’اس عدالت کی ہدایات کے بعد چیف سیکریٹری جموں کشمیرکی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں گلمرگ کی شان کو برقراررکھنے کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیااور اس کیلئے اقدامات کئے گئے۔ عدالت نے کہ ماسٹر پلان تیارکرنے کیلئے تازہ عمل شروع کیاگیا اور کئی کمیٹیوں کو تشکیل دیاگیاجن میں ایک کمیٹی گلمرگ میں پٹوں میں توسیع کیلئے قائم کی گئی ۔گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکیٹوافسر کو ہدایت دی گئی کہ وہ گلمرگ میں ناجائزتعمیرات کی نشاندہی کریں ۔