عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے کل سرینگر کے گلزارپورہ راولپورہ کے باشندگان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے، جو مقامی کھیل میدان کو حکومت کی جانب سے اپنی تحویل میں لینے کی کوشش کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ حکومت اس زمین کو سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) منصوبے کی تعمیر کے لیے اپنے قبضے میں لینے کی کوشش کر رہی ہے۔الطاف بخاری کل پارٹی کے کئی ساتھیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچے اورحتجاج کررہے مقامی باشندوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور کہا کہ وہ اس معاملے میں اْن کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس موقعے پر میڈیا کے ساتھے بات کرتے ہوئے بخاری نے کہا، ’’ ہم اس کھیل میدان کو کسی اور مقصد کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔یہ زمین ہمارے نوجوانوں کی ہے اور ہم ہر قیمت پر اس کا دفاع کریں گے۔‘‘انہوں نے کہا، ’’میں حیران ہوں کہ آخر ہر بار چھانہ پورہ حلقہ انتخاب میں ہی کھیل میدانوں پر قبضے کرنے کی کوشش کیوں کی جاتی ہے۔ کیا یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے کھیل کود کو چھوڑ کر منشیات اور دیگر منفی چیزوں کی طرف راغب ہوجائیں؟ ہم ایسا ہر گز نہیں ہونے دیں گے۔ میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ میں چٹان کی طرح اْن کے ساتھ کھڑا ہوں اور اپنے نوجوانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھاؤں گا۔‘‘گلزارپورہ راولپورہ کے کھیل کے میدان کے تحفظ کے لیے قانونی لڑائی لڑنے کا بھی عندیہ دیتے ہوئے بخاری نے کہا، ’’چوبیس کنال اور بارہ مرلوں پر مشتمل یہ قطعہ اراضی کوئی سرکاری زمین نہیں ہے۔ بلکہ یہ ’’شاملاتِ دہ‘‘ ہے جو محکمہ مال کے قواعد کے تحت ملکیتی زمین ہی تصور کیا جاتی ہے، جس متعلقہ گاوں کے لوگ استعمال کرتے ہیں۔ لہٰذا ہمیں اس زمین کے دفاع کرنے کا قانونی حق بھی حاصل ہے اور ہم ہر قیمت پر اس کا دفاع کریں گے۔