اویس فاروقی
بانڈی پورہ// شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے گریز علاقے میں دریائے کشن گنگا میں ڈوبنے والے 10 سالہ بچے بابر بشیر کی لاش ہفتہ کے روز حادثے کے 13 روز بعد برآمد کر لی گئی۔بابر بشیر ضلع کے تلیل علاقے کے شیخ پورہ گاؤں کے نزدیک دریائے کشن گنگا میں حادثاتی طور پر ڈوب گیا تھا۔ واقعے کے بعد مقامی لوگوں، ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، پولیس اور رضاکاروں نے اس کی تلاش کے لیے بھرپور کوششیں کیں، تاہم بچہ ہفتہ تک لاپتہ رہا۔ہفتہ کے روز بدوان میں کشن گنگا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے ڈیم کے قریب مچھلی پکڑنے والے ایک شخص نے پْرسکون پانی میں ایک لاش تیرتی ہوئی دیکھی۔تحصیلدار گریز جاوید احمد ڈار نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا، ’’ماہی گیر کی اطلاع کے بعد مقامی لوگوں نے لاش کو پانی سے باہر نکالا اور فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔‘‘انہوں نے کہا کہ بعد ازاں لاش کو گریز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں والدین نے اس کی شناخت بابر بشیر کے طور پر کی۔تحصیلدار کے مطابق قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچے کی میت آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے اہلِ خانہ کے حوالے کر دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ بچے کے سر پر کچھ زخموں کے نشانات پائے گئے، جو غالباً تیز بہاؤ میں بہتے ہوئے ڈیم کے مقام تک پہنچنے کے دوران لگے ہوں گے۔