عظمیٰ نیوز سروس
بانڈی پورہ//شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں جموں و کشمیر پولیس نے جنگجوئوں کے معاون نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی جنگجوئوںکی مالی معاونت کو روکنے اور ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے کی جاری مہم کے تحت کی گئی۔ ضبط کی گئی جائیدادیں چھٹے بانڈے اور گنڈ پورہ رامپورہ علاقوں میں واقع ہیں، جن میں مجموعی طور پر 4 کنال 19 مرلہ اراضی شامل ہے۔حکام کے مطابق یہ اراضی مبینہ طور پر ان افراد سے منسلک ہے جو سرحد پار موجود جنگجوعناصر کے ساتھ رابطے میں تھے اور مختلف سرگرمیوں کی معاونت کر رہے تھے۔پولیس نے کہا کہ قانونی ضابطوں کی تکمیل کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے تاکہ جنگجوئوںسے متعلق سرگرمیوں میں استعمال ہونے والے اثاثوں کو روکا جا سکے۔حکام نے واضح کیا کہ جنگجو تنظیموں کی مدد یا سہولت کاری کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔