بانہال // منگل اور بدھ کی رات سے بارشوں کا تیز سلسلہ زمینداروں اورعام لوگوں کیلئے خوشیاں لیکر آیا ہے اور یہ سلسلہ بدھ کی صبح تک جاری رہا۔ اس رحمت باراں کی سخت ضرورت نہ صرف فصلوں اور پھلوں کو تھی بلکہ شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے پوری ریاست میں عام لوگ کا حال بڑا تھا۔ شدید گرمی میں وقفے وقفے سے بارشوں کے نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کا برا حال تھا اور پینے کا پانی کئی علاقوں میں ختم ہوکر رہ گیا ہے۔ گذشتہ دور روز سے ہلکی ہلکی بارشوں کے بعد ضلع رام بن کے علاقوں میں فضا خوشگوار ہوگئی ہے اور گرمی کی شدت سے عام لوگوں کو راحت مل گئی ہے اور ہر طرف سے ہریالی اپنے جلوئوں کے آخری پڑاو سے گذر کر پت جھڑ کی طرف بڑھ رہی ہے۔ زمینداروں اور باغ مالکان اپنے دھوپ میں جلتی اپنی فصلوں اور پھلوں کو لیکر پریشان تھے لیکن گذشتہ دور روز سے ہونیو الے وقفے وقفے کی بارشوں نے اْن کی پریشانیوں کو دور کیا ہے۔ گرمی کی وجہ سے عام لوگوں کو ان بارشوں سے راحت ملی ہے۔ بدھ کی صبح سے بارشوں کا سلسہ تھم گیا تاہم شام تک مطلع ابر الود تھا اور مزید بارشوں اور گرج چمک کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ بارشوں کی وجہ سے نالہ بشلڑی ، مہو نالہ ، ڈولیگام اور چنجلو سمیت تمام ندی نالوں میں سطح آب بڑھ گئی اور کئی مقامات پر پانی کے ریلوں سے فصلوں اور زمینوں کو نقصان پہنچا ہے۔
شاہراہ پر ٹریفک جاری
ادھر بارشوں کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت مجموعی طور پر بغیر کسی خلل کے جاری رہا تاہم معمول کے مقابلے بارش کی وجہ سے سڑک پر کم گاڑیاں ہی نکلی تھیں۔ بارشوں کی وجہ سے رام بن بانہال سیکٹر میں رات میں گر آئے پتھروں اور ملبے کو ساتھ ساتھ صاف کیا گیا اور معمول کا ٹریفک چلتا رہا۔