سرینگر// بلال فرقانی// عید الضحیٰ کے پیش نظر بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوںمیں اضافہ اور صارفین کو لوٹنے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری نے کئی ٹیموں کو تشکیل دیا اور گزشتہ دو دنوں کے دوران قریب 1لاکھ80ہزار روپے بطور جرمانہ وصول کیا۔ وادی میں عید الاضحی کے پیش نظر گراں فروشوں نے خریداروں کو لوٹنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور جہاں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے وہی عید کے پیش نظر تیارہ شدہ ملبوسات،جوتوں اور دیگر ساز و سامان کی قیمتوںمیں بھی اضافہ کیا۔ خریداروں کا کہنا ہے کہ جہاں کوڈ کے نتیجے میں پہلی ہی انہیں مالی تنگدستی کا سامنا ہے وہی اب گراں فروشوں نے انہیں مزید پریشان کرنا شروع کر دیا ہے۔ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کا تاہم کہنا ہے کہ محکمہ نے عید کے پیش نظر اپنے اسکارڑ کو مزید متحرک کیا اور گراں فروشوں کے خلاف جامع پیمانے پر کریک ڈائون کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ مشتاق احمد وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرینگر کے علاوہ وادی کے دیگر اضلاع میں اضافی ٹیموں کو بھی تشکیل دیا گیاہے اور وہ گراں فروشوں کے خلاف کاروائی عمل میں لا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو روز میں محکمہ کے چیکنگ اسکارڈوں نے 1 لاکھ80ہزار روپے سے زائد جرمانہ وصول کیا۔وانی کا کہنا تھا کہ بدھ کو جہاں محکمہ کے اسکارڈ نے98ہزار 650روپے کا جرمانہ گراں فروشوں سے وصول کیا وہی جمعرات کو80ہزار سے زائد کی رقم بطور جرمانہ وصول کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کو چاہے کہ وہ18018007011 نمبر پر رابطہ قائم کریں اور اپنی شکایت درج کریں،جس کے بعد محکمہ اضافی قیمتوں پر اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے مزید کہا کہ رواں ماہ کے اندر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لاتے ہوئے37دکانوں کو سیل کیا گیا۔